سلیکٹڈ حکومت نے خارجہ پالیسی برباد کرکے رکھ دی ، پاکستان کو دنیا بھرمیں تنہا کردیا ہے،بلاول بھٹو زر داری

یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا،گجرات میں مسلمانوں کا قاتل مودی اب کشمیریوں کا قتل کررہا ہے،مودی باقی چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی حیثیت جان جائے گا، جلسے سے خطاب

جمعرات 22 اگست 2019 19:56

سلیکٹڈ حکومت نے خارجہ پالیسی برباد کرکے رکھ دی ، پاکستان کو دنیا بھرمیں تنہا کردیا ہے،بلاول بھٹو زر داری
سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک کی خارجہ پالیسی برباد کرکے رکھ دی اور اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھرمیں تنہا کردیا ہے،یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا،گجرات میں مسلمانوں کا قاتل مودی اب کشمیریوں کا قتل کررہا ہے،مودی باقی چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی حیثیت جان جائے گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنے ایک سالہ دور حکومت میں خارجہ پالیسی اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، آج ایک طرف ملک کی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے اور دوسری طرف پاکستان کو سفارتی سطح پر دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہاکہ اقتدار میں آنے سے پہلے وعدے کرنے آسان ہیں تاہم وعدے جھوٹ پر مبنی ہوں تو نبھانے مشکل ہوتے ہیں، عمران خان اقتدار ملنے سے پہلے کہتے تھے کہ خود کشی کرلوں گا مگر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا لیکن انہوں نے ایک سال مین اتنا زیادہ قرض لیا کہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا لیکن لوگوں سے روزگار تک چھین لیا، گھر دینیکا وعدہ کیا لیکن تجاوزات کے نام پر لوگوں سے گھر چھین لئے، ڈالرز کی بارش تو دور کی بات آج ڈالر 160 روپے کا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا حکومت میں آیا تو کرپشن ختم کردوں گا اور غیرجانبدارانہ احتساب کروں گا، لیکن یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، مالم جبہ کی کرپشن کی فائل چھپا دی جاتی ہے، دوسری جانب بغیر کسی ثبوت کے پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا، یہ کیسا انصاف ہے کہ اپوزیشن انتقام کا نشانہ ہے اور خواتین کو بھی جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، نیب گردی اوراحتساب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔

بلاول نے کہا کہ تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طور پر یاد رکھے گی، مودی باقی چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی حیثیت جان جائے گا۔بلاول نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیری اسیر رہنماؤں کو رہا کرے، احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے کہا تھا کشمیر کاز کیلئے ہزار سال جنگ لڑنی پڑی تو لڑیں گے، کشمیر کے عوام پاکستان کے طرف دیکھ رہے ہیں، آپ کو معلوم ہونا چاہیے 1971 کے بعد بھٹو نے ہتھیار نہیں ڈالے، کمزور پوزیشن کے باوجود ہزاروں ایکڑ زمین حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ مودی سے پوچھتا ہوں، تم نے کشمیریوں کو حقوق دیے ہیں تو کرفیو ہٹاؤ، سرینگر میں جلسہ کرو، پوچھو ان سے ،کشمیری بتائیں گے کہ تمہارے اس اقدام کی کیا حیثیت ہے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہر پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر کو فروخت تو نہیں کردیا، میں ان پہاڑوں اور یہاں کے عوام کو گواہ بنا کہتا ہوں کہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کرنے دوں گا۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومت ہی کشمیریوں کو ان کے حقوق دلا سکتی ہے یہ عمران خان کے بس کی بات نہیں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان لوگوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے اور اگر کشمیر پر سودے بازی کی تو حکمرانوں کا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندے اور سلیکٹڈ وزیراعظم میں فرق ہوتا ہے، ایک جمہوری حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتی ہے لیکن یہاں تو سب کچھ الٹ ہو رہا ہے۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں