حکومت کے بعد بڑی اپوزیشن پارٹی نے بھی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی حمایت کر دی

گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے، عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لولی پاپ دیا ہے: چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 20:50

حکومت کے بعد بڑی اپوزیشن پارٹی نے بھی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی حمایت کر دی
اسکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لالی پوپ دیا ہے،جب تک آپ ملک کے وزیر اعظم کو منتخب نہیں کریں گے تب تک ہم آپ کے مسائل کیسے حل کرسکیں گے،گلگت بلتستان کی بہادری کا پورا پاکستان گواہ ہے، ڈوگرا راج کو آپ بھگا سکتے ہیں تو آپ اپنے حقوق بھی چھین سکتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام ہمارے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے۔

ہفتہ کے روز اسکردو میں انتخابی ریلی کے دوران کارکنوں سے خطاب چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ہمیں انقلابی منصوبے چاہیے جو روزگار دیں اور لوگوں کی مدد کریں اور یہ کام صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست زیر التوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق نہ دیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ان کے 2018 کے منشور میں آپ کی کوئی بات نہیں کی گئی تھی تاہم جب انتخابات قریب آئے تو انہوں نے آپ کو لولی پاپ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ آپ کو صوبہ دیں گے۔

گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے ورنہ آپ کا مستقبل بھی وہی ہوگا جو آج اسلام آباد میں احتجاج کرنے والوں کا ہے۔ جو حقوق پیپلز پارٹی نے باقی پاکستان کو دلوانے ہیں وہی گلگت بلتستان کو بھی دلوانے ہیں جس سے ان کے مسائل حل ہوسکیں۔ الیکشن کا موسم ہے، پی ٹی آئی ہر انتخابات میں ایک نیا جھوٹ دیتی ہے اور اس انتخابات میں بھی انہوں نے ایک لولی پاپ دیا ہے۔

یہی وعدہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 روز کے اندر آپ کو صوبہ دلوائیں گے۔ گلگت بلتستان کے نوجوان اب مزید انتظار نہیں کریں گے وہ اپنے حقوق چھین کر رہیں گے۔ گلگت بلتستان کی بہادری کا پورا پاکستان گواہ ہے، ڈوگرا راج کو آپ بھگا سکتے ہیں تو آپ اپنے حقوق بھی چھین سکتے ہیں۔ ہم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے اور یہاں کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں