گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت و ملکیت دلائیں گے، بلاول بھٹو

عوام کو عمران خان سے بچانا ہے ،پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کیلئے فیصلے کرینگے ، چیئر مین پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ چاہیے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی چاہتے ہیں اور اپنے فنڈز میں اضافہ اور حق حکمرانی چاہتے ہیں، خطاب

جمعرات 29 اکتوبر 2020 17:57

گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت و ملکیت دلائیں گے، بلاول بھٹو
اسکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر یہاں کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلائیں گے اور عوام کو عمران خان سے بچانا ہے، پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کیلئے فیصلے کرینگے ۔گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران اسکردو کے علاقے روندو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ روندو کے عوام اپنی طاقت کو جانو، آپ نے شہید ذوالفقار بھٹو کا ساتھ دیا تھا تو یہاں سے ایف سی آر اور راج گیری نظام کا خاتمہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا تو گلگت بلتستان میں جمہوریت آئی تھی اور لیگل فریم ورک آرڈر پاس کیا اور یہاں انتخابات کروائے،آپ نے آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تو گلگت بلتستان اسمبلی دلوایا، گلگت بلتستان کو پہلا وزیراعظم بھی دلوایا اور عوام کو روزگار ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا کیونکہ جو خواب ذوالفقار علی بھٹو نے دیکھا تھا اور یہاں کے عوام کے ساتھ جو وعدے بینظیر بھٹو شہید نے کیے تھے اس کو پورا کرنا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلانا ہے، گلگت بلتستان کی آواز کو اسلام آباد تک پہنچانا ہے، آج تک لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر یہاں کے فیصلے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی پی پی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے لیے فیصلے کریں گے اور وزیراعظم کون بنے اس کا فیصلہ بھی کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ پی پی پی کا ساتھ دیا تو یہاں کے عوام کا مستقبل بدل دیں گے، پی پی پی غریب اور مظلوم کے ساتھ دیا اور انقلابی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی پی پی کی حکومت بنتی ہے تو ہم مزدور بینظیر غریب کارڈ دیں گے جس کے ذریعے ہر مزدور کو ان کا حق دیا جائیگا جس طرح سندھ میں ہسپتال بنائے ہیں اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی مفت علاج کے لیے ہسپتال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو عمران خان سے بچانا ہے کیونکہ دو سال میں ہمارے پاکستان کو جو حال بنایا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مزدور، ڈاکٹر، نرسز، طلبہ یہاں تک کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی احتجاج کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے عوام کو پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت ہر ادارے سے لوگوں کو بے روزگار کر رہا ہے، اسٹیل میل کو بند کر کے وہاں کے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کر رہا ہے۔

مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تباہی سے گلگت بلتستان کو بچانا ہے، ایک ہی پارٹی ہمیشہ اسکردو اور گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنی ہے وہ صرف اور صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے اور یہاں کے عوام غیرت مند ہیں اور بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی پی پی پی اور شہیدوں کا ساتھ دیا ہے اور امید ہے 15 نومبر 2020 کو الیکشن کے دن بھی پی پی پی کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ چاہیے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی چاہتے ہیں اور اپنے فنڈز میں اضافہ اور حق حکمرانی چاہتے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ماضی کی طرح ذوالفقار علی بھٹو نے زرعی اصلاحات کیے تھے اور اب بھی کسی نے زرعی اصلاحات کرنی ہے تو پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں آپ کے جذبے اور محبت کو کبھی نہیں بھول سکتا، جس طرح گلگت بلتستان کے ہر علاقے میں استقبال کیا گیا اور محبت ملی ہے اس کو کبھی نہیں بھول سکتے اور زندگی بھر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں یہاں کی آواز اور نمائندہ بن کر کام کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ یہ صرف اقتدار اور حکومت بنانے کی لڑائی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا سوال ہے، کسی لوٹا اور آزاد کے ساتھ نہیں دینا بلکہ پی پی پی کا ساتھ دیں اور ہم آپ کو حق حاکمیت اور حق حکمرانی دلا کر رہیں گے۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں