حکومت کون بنانے یا گرانے کا اختیارکسی ادارے یا شخص کونہیں صرف عوام کو ہے، مریم نواز

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے 16 میں 8-9 امیدواروں کو توڑا جاچکا ہے،جو اپنے حق کیلئے کھڑا نہیں ہوسکا وہ عوام کیلئے بھی کھڑا نہیں ہوسکتا ،جو پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گونپ دے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ،کارکنان پارٹی چھوڑجانے والوں کا گھیرائو کریں ، جعلی وزیر اعظم کا ہروعدہ جھوٹا ہے ،تمہارا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ فریب ہے ،اس چالاکی کو گلگت کے عوام بخوبی جانتے ہیں،جس کو اپنے حقوق کا نہیں پتا وہ خود کسی کی نوکری کرتا ہے،اگر گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو تماشہ پوری دنیا دیکھے گی، جلسے سے خطاب

جمعرات 5 نومبر 2020 14:58

حکومت کون بنانے یا گرانے کا اختیارکسی ادارے یا شخص کونہیں صرف عوام کو ہے، مریم نواز
سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کون بنانے یا گرانے کا اختیارکسی ادارے یا شخص کونہیں صرف عوام کو ہے، گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے 16 میں 8-9 امیدواروں کو توڑا جاچکا ہے،جو اپنے حق کیلئے کھڑا نہیں ہوسکا وہ عوام کیلئے بھی کھڑا نہیں ہوسکتا ،جو پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گونپ دے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ،کارکنان پارٹی چھوڑجانے والوں کا گھیرائو کریں ، جعلی وزیر اعظم کا ہروعدہ جھوٹا ہے ،تمہارا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ فریب ہے ،اس چالاکی کو گلگت کے عوام بخوبی جانتے ہیں،جس کو اپنے حقوق کا نہیں پتا وہ خود کسی کی نوکری کرتا ہے،اگر گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو تماشہ پوری دنیا دیکھے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو گمبہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے جو افراد مشکل حالات میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں، اپنی وفاداری کو نہیں بیچیں ووٹ کا حق صرف ان کا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان میں 16امیدوار تھے جن میں سے 8-9 کو انہوں نے توڑ لیا ہے تاہم جو تھوڑا دباؤ برداشت نہ کرسکے، اپنے حق کیلئے کھڑا نہ ہوسکے وہ عوام کے حق کیلئے کھڑا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے وعدہ لیا کہ پارٹیاں چھوڑنے والے لوٹوں کو ووٹ نہیں دیں، جو ذرا سے دباؤ کا سامنا نہ کرسکے اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ جعلی وزیراعظم نے چند روز قبل آ کر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا، انتخابات سے قبل اس قسم کے اعلان کا کیا مطلب ہوا۔مریم نواز نے کہا کہ جسے یہ معلوم نہیں کہ عوام روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، تم جعلی ہی سہیں تاہم حکمران تو ہو تمہیں یہ احساس نہیں لوگ کس طرح مہنگائی سے تڑپ رہے ہیں، بھوکے مررہے ہیں، بجلی گیس کے بلز سے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کس کا وعدہ تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، کیا اسکردو کے ایک بھی نوجوان کو نوکری ملی، 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ تھا کیا کسی ایک کو بھی گھر ملا تو جو یہ کہے کہ میں 9 دن میں تبدیلی لے آؤں گا، تمہارا ہر وعدہ جھوٹا ہے۔وزیراعظم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اسی طرح تمہارا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا جو وعدہ ہے، اس ڈھونگ، فریب کو عوام بخوبی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جھوٹے وعدے کرنے والے کو گھر پہنچا کر آنا ہے، یہ جو کہتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں سے میرے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں، یہ پریشانی بلاوجہ نہیں ہے، یہ جاتا نظر آرہا ہے جسے آخری دھکا گلگت بلتستان کے عوام لگائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جو انسان خود کسی کی نوکری کررہا ہو، جسے معلوم نہ ہو کہ وزیراعظم کی عزت کیا ہے اور جب گلگت بلتستان پر پاک فوج کے سربراہ ملاقاتیں کررہے تھے تو یہ ساتھ والے کمرے میں چھپ کر بیٹھا تھا، جو انسان اپنی عزت کی پروا نہیں کرتا اسے آپ کی عزت کی پروا نہیں ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنے حق کا نہیں پتا تو کوئی بات نہیں لیکن ان کے حق کا خیال کرلو جن کے حقوق کی جنگ کیلئے آج کرسی پر بیٹھے ہو۔مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان صوبے میں 3 سال نواز شریف نے کام کیا، منصوبے دئیے، پیسہ دیا تو وہ احسان نہیں آپ کا حق ہے جو بھیک میں یا مانگ کر نہیں ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف 70 سال کی عمر میں بیماری کی حالت میں اتنے انتقام سہنے کے باوجود آپ کے حق کیلئے چٹان کی طرح کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی فوج کی بہت قدر کرتے ہیں جن کی جگہ ہمارے دلوں میں ہیں اور پاکستان کی سرحدوں پر ہے، ان کی جگہ گلگت بلتستان کے پولنگ اسٹیشنز پر نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ اگر انہوں نے ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو الیکشن والے دن اپنی ووٹ کی حرمت اپنی عزت کے لیے کھڑے ہونا اور جو پارٹی چھوڑ جائیں، جو دباؤ میں آجائیں، بھروسہ توڑنے والوں کا گھیراؤ کرنا اور ووٹ نہ دینا۔

انہوں نے کہ ووٹ دیتے ہوئے یاد رکھنا جو آپ کو جواب دہ ہے وہی آپ کے ووٹ کی حرمت کی لاج رکھے گا اور جو ووٹ چوری کرکے آتے ہیں وہ ووٹ چوروں کو جواب دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کا اختیار، کسی ارادے، چند افراد کو نہیں اس کا حق صرف عوام کو ہے جسے کسی اور کے ہاتھ میں جانے مت دینا۔مریم نواز نے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے کو گھر پہنچا کر آنا ہے، یہ جو منہ پر ہاتھ پھیر کر بات کرتا ہے یہ جانے والا ہے، ان کو پریشانی بلا وجہ نہیں بلکہ یہ جاتا نظر آرہا ہے، بس آخری دھکا گلگت کے عوام لگائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ہم ظلم اور ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، اگر گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو تماشہ پوری دنیا دیکھے گی، جو چوری ہونا تھی ہوگئی اب اس کے بعد عوام اجازت نہیں دیں گے، اگر عوام دیکھیں کہ ووٹ چوری ہورہا ہے تو ان کرداروں کو بے نقاب کریں۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں