نو منتخب آزاد اُمیدوار وزیر سلیم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

وزیر سلیم کو انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹ دینے سے انکار کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 نومبر 2020 11:50

نو منتخب آزاد اُمیدوار وزیر سلیم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
اسکردو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2020ء) : اسکردو سے نو منتخب آزاد اُمیدوار وزیر سلیم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر سلیم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ ذرائع کے مطابق انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے وزیر سلیم کو ٹکٹ دینے سے انکار کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹ مسلم لیگ ن کے اسپیکر حاجی فدا محمد کو دیا تھا۔

لیکن الیکشن کے روز وزیرسلیم نے حاجی فدا محمد کو بھاری اکثریت سے شکست دی جس کے بعد اب انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ جی بی اے 9 سے وزیر سلیم نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات کے دوران شمولیت کا اعلان کیا۔ دوسری جانب آزاد اُمیدوار راجہ ناصر نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جی بی اے 10 سے کامیاب آزاد امیدوار راجہ ناصر نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر آنیوالے وزیر حسن کو ٹکٹ دیا تھا۔ راجہ ناصر نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل گلگت بلتستان کے تمام حلقوں کے غیر سرکاری نتائج سامنےآگئے تھے جن کے مطابق 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 9 پر پاکستان تحریک انصاف اور 3 پرپاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے 2 اور جے یو آئی (ف) اور ایم ڈبلیو ایم کا ایک ایک امیدوار ہی جیت اپنے نام کر سکا۔

گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے زیادہ ووٹوں کے معاملے میں بھی دیگر جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ناصرف سیٹوں بلکہ ووٹوں کی تعداد کے معاملے میں دونوں حریف جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو پیچھے چھوڑ دیا جسے گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کی دیگر جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ مقبولیت قرار دیا جا رہا تھا۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں