ٹیلنٹ ہنٹ شو کے دلچسپ مقابلے، تلاوت، نعت، ملی نغمے، بیت بازی، مشاعرہ، کوئز اور مختصر کھیلوں کا سماں بندھ گیا

تمام ٹیموں کا شوق و جذبہ لائقِ دید تھا، حوصلہ افزائی اور ستائشوں کے انبار لگ گئے، ہر ایک شائق اور کھلاڑی نے ہفتہ کھیل کو چار چاند لگادیئے

اتوار 20 جون 2021 16:55

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) بلتستان یونیورسٹی میں جاری ہفتہ کھیل کے اختتامی مرحلے میں ٹیلنٹ ہنٹ شو کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ علی الصباح ہی طلبا و طالبات سے پنڈال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ وہ منتظر تھے کہ کب ٹیلنٹ ہنٹ شروع ہو اور ان کو دلچسپ پروگرامز دیکھنے کو ملیں۔ دن کا آغاز ہوا تو مشاعرہ کا ماحول بن چکا تھا۔ 20 شاعروں نے خود کی تخلیق کردہ غزلیں، نظمیں اور اشعار سناکر سامعین کو محظوظ کیا۔

مشاعرہ پروگرام کے فاتح حمید رضا قرار پائے۔انہوں نے اپنی غزل سناکر سامعین سے خوب داد وصول کی۔ دوسری پوزیشن شعبہ ریاضی کے محمد حسن شاداب اور شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ کی زینت فاطمہ کے حصے میں آئی جبکہ تیسری پوزیشن شعبہ ریاضی کے ممتاز صابری اور انگریزی کے مظاہر اسلم کو ملی۔

(جاری ہے)

بیت بازی کا تسلسل وہاں سے شروع ہوا جہاں سے ختم کیا گیا تھا۔

یعنی گذشتہ کل کی سخت مقابلہ بازی کو ایک بار پھر شروع کیا گیا۔ اس بار چار ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ شعبہ کمپیوٹر اے سائنس اے ، شعبہ بیالوجیکل سائنس اے ، شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ اے اور شعبہ منیجمنٹ سائنس میدانِ مشاعرہ میں اترے اور اپنے حریف کو چاروں خانے چت کرنے کی بھرپور کوششیں کیں۔ دو سیمی فائنلوں کے بعد فائنل میچ کا قرعہ فال شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ اے اور کمپیوٹر سائنس اے کے نام نکلا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ ایک گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کوئی بھی ٹیم ہارنے کیلئے تیار نہیں تھی۔ بالآخر جج ہاتف نصیر نے بعض تکنیکی امور کی روشنی میں فیصلہ سنایا اور یہ فیصلہ شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ اے کے حق میں تھا۔ مجموعی طور پر بیت بازی کا میدان شعبہ انگریزی کے نام رہا۔ دوسری جانب مختصر گیمز میں بھی طلبا و طالبات کی شمولیت اور دلچسپی دیدنی تھی۔

پرجوش اور داد دیتے ہوئے شائقین کی موجودگی میں کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کولڈ ڈرنک، ڈبل روٹی مقابلہ ، مرچی کھانے کی صلاحیت اور لیمو مقابلہ ہوئے اور مختلف شعبہ جات کے طالب علموں نے کامیابی حاصل کی۔گذشتہ کل ہوئے مقابلوں میں بہترین مقررین (اردو، انگریزی) کا انتخاب ہوا۔ اس سلسلے میں شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ کے محمد افضل نے اردو تقریر میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شعبہ بیالوجیکل سائنس کی ثمرین اصغر خان اور شعبہ سیاحت و میزبانی کے سید دلاور علی شاہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور تیسری پوزیشن شعبہ ریاضی کے ممتاز علی صابری کے نام رہی۔

انگریزی تقریر میں شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ کے ناصر حسین نے پہلی، بی بی اے کے مصائب حسین نے دوسری اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کی زرشینہ اور شعبہ لسانیات و ثقافتی مطالعہ کی سیدہ شہناز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹیلنٹ ہنٹ کے روح رواں عبدالرحمن میر نے کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ جبکہ ڈاکٹر صابر علی وزیری، غلام عباس بلتی، ہاتف نصیر اور ٹیلنٹ ہنٹ شو کے کنوینئر ڈاکٹر ریاض رضی نے ججز کے فرائض نبھائے۔

متعلقہ عنوان :

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں