حکومت کا اسکردو میں بین الاقوامی ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا اعلان

جدید ائیرپورٹ پورا سال پروازوں کی آمد و رفت کیلئے کھلا رہے گا، سیاحت میں اضافہ ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 جولائی 2021 20:37

حکومت کا اسکردو میں بین الاقوامی ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا اعلان
اسکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2021ء) حکومت کا اسکردو میں بین الاقوامی ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا اعلان، جدید ائیرپورٹ پورا سال پروازوں کی آمد و رفت کیلئے کھلا رہے گا، سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے اسکردو میں نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ ایک جدید ترین ائیرپورٹ ہو گا جو ہر قسم کے موسم اور پورا سال کھلا رہے گا۔ اس ائیرپورٹ کی مدد سے سیاح پورا سال اسکردو کا رخ کر سکیں گے۔ وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ تعمیر کرنے کے علاو اسکردو اور گلگت کے پرانے ائیرپورٹس کو بھی اپ گریڈ کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی ائیرلائن نے گلگت ریجن کا رخ کرنے والے سیاحوں کی سہولت کیلئے ایک اور شہر سے اسکردو کیلئے مقامی پروازوں کا آغاز کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے فیصل آباد سے سکردو کے لئے پروازوں کا آغاز کردیا۔ پہلی پرواز پی کے 6459 گزشتہ روز فیصل آباد سے سکردو کے لئے 129 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔ افتتاحی پرواز کے موقع ائر پورٹ پر تقریب میں کیک کاٹا گیا۔ پی آئی اے ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ سے بھی سکردو کے لئے پروازیں چلا رہی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کا بتانا ہے کہ شمالی علاقہ جات کے لئے اس سال شروع کی گئی پروازوں کو عوام میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اس سے نہ صرف ملکی سیاحت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شمالی علاقہ جات کے رہنے والوں کو بھی سفر کی مزید سہولت میسر ہوئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ضرورت کے مطابق پروازوں میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں