سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان مومن جان کا پریس کلب سکردو کا دورہ، پریس کلب کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 2 جولائی 2022 22:41

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان مومن جان نے پریس کلب سکردو کا دورہ کیا،مقامی میڈیا کے مسائل اور چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،پریس کلب کی سالانہ گرانٹ دگنی کرنے پر صوبائی حکومت کا خصوصی شکریہ،سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان کی صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان مومن جان نے پریس کلب سکردو کا تفصیلی دورہ کیا۔صدر پریس کلب سکردو وزیر مظفر حسین نے سیکریٹری اطلاعات کو مقامی میڈیا کے مسائل اور چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی۔پریس کلب کی سالانہ گرانٹ دگنی کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔سیکرٹری اطلاعات نے پریس کلب کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور صدر پریس کلب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائیریکٹر محکمہ اطلاعات محمد سلیم خان ودیگر بھی موجود تھے۔سیکریٹری انفارمیشن گلگت بلتستان مومن جان نے پریس کلب کے دورے کے موقع پر صدر پریس کلب کو یقین دلایا کہ اخبارات اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات نے بہترین مکینیزم کے تحت اخبارات کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا ہے۔

سیکریٹری انفارمیشن نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور صحافیوں کے فلاح و بہبود کیلئے متعلقہ تنظیموں کی مشاورت سے اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں اصول،انصاف اور میرٹ کے ساتھ امور انجام دیئے جارہے ہیں اور نظام میں مزید بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئیصحافیوں کی کوششیں قابل تحسین ہیں،خطے میں قیام امن کیلئے اہل قلم کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں