بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے میٹرک امتحانات کو نقل سے پاک قراردیدیا

ڈاکٹرنعیم خان نے مثالی امتحانات کا اہتمام کرنے پر کے آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹرعطاء اللہ شاہ اور محکمہ تعلیم کے حکام کو مبارکباد پیش کردی

منگل 2 اپریل 2019 23:52

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) یونیورسٹی آف بلتستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا ہے کہ قراقرم یونیورسٹی کا گلگت بلتستان کے نوجوان نسل پر بڑا احسان ہے، جنھوں نے قوم کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ نونہالوں کے ذہنوں کو نقل سے پاک کردیا ہے۔ امتحانات کا ماحول دیکھ کر یقین ہوگیا کہ یہاں کے بچے بچیاں کسی سے کم نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قراقرم یونیورسٹی کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کے لئے سکردو میں قائم تین امتحانی مراکز کامعائنہ کرنے کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر کے ہمراہ ایگزام کوآرڈینٹر برائے بلتستان اور ڈپٹی ڈائریکٹر KIUشاہد حسین شگری بھی تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے بوائز ہائی سکول سکیمدان سکردو، گرلز ہائی سکول کشمراہ اور گرلز ہائی سکول حسین آباد سکردو میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور امتحانات میں شریک طلباء کو خصوصی ہدایات دیں۔

ڈاکٹرنعیم نے کہا کہ KIUکے وائس چانسلر نے دیگر تدریسی وتحقیقی، قومی و بین الاقوامی راوبط قائم کرنے سمیت امتحانی نظام میں قابل قدر اصلاحات کا نفاذ کیا ہے، جس کے واضح اثرات آج میٹرک امتحانات کیلئے قائم امتحانی مراکز کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد دیکھنے کو ملا۔ سوائے گرلز ہائی سکول حسین آباد میں تین طلباء سے نقل کے چھوٹے چھوٹے پرزے برآمد ہونے کے علاوہ مجموعی طور پر نہایت شفاف اور پرامن امتحانات منعقد ہورہے تھے۔

جس طرح KIUپورے گلگت بلتستان میں میٹرک و دیگر امتحانات کا اہتمام منظم طریقے سے کررہی ہیں، وہ نہایت قابل ستائش ہے۔ میں KIUبورڈ کو ملک کے کسی بھی امتحانی بورڈ سے کم نہیں سمجھتا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ نقل کا سہارا لیکر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ عصر حاضر کے چیلنجز سے نبٹنے کیلئے نقل کا نہیں ، محنت کا سہارا لینے کی ضرورت ہے۔ یہی بچے کل کو یونیورسٹیوں میں آئیں گے اور مستقبل میں ملک و قوم کی بھاگ دوڑ انہی کے ہاتھ میں ہونگے۔

اساتذہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بچے بچیوں کو اس نوعیت کی تعلیم و تربیت کریں کہ وہ کامیابی کا زینہ چڑھنے کیلئے کسی قسم کی ناجائز ذرائع کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر نعیم خان نے مثالی امتحانات کے اہتمام پر وائس چانسلر KIUڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے حکام کو مبارکباد دی ۔

متعلقہ عنوان :

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں