گلگت بلتستان ملک کا خوبصورت ترین خطہ ہے اور اس کی ترقی کے لیے حکومت ہرممکن کوششیں کرے گی، شمالی علاقوں میں سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی شعبوں میں بھی ترقی کے مواقع پیدا کیے جائینگے

عامر کیانی اور افتخار درانی کا سکردو میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے بڑے اجتماع سے خطاب

اتوار 25 اگست 2019 22:20

سکردو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور وزیر اعظم پاکستان کے میڈیا ایڈوائز افتخار درانی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ملک کا خوبصورت ترین خطہ ہے اور اس علاقے کی ترقی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہرممکن کوششیں کرے گی، شمالی علاقوں میں سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی شعبوں میں بھی ترقی کے مواقع پیدا کیے جائینگے ۔

ان خیالات کا اظہار بلتستان کے دورہ پر آئے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے اتوار کو سکردو میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے علاقے کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا لیکن پاکستان تحریک انصاف کا پختہ عزم ہے کہ علاقے کے عوام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے علاقے میں ہونے والی خرابیوں کا بھی تذکرہ کیا ۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ورکرز کو بھاری ذمہ داری دیتی ہے کہ وہ علاقے میں پاکستان تحریک انصاف کے پیغام کو عام کریں اور علاقے کے عوام کے دکھ درد میں بھرپور شریک رہیں اور عوام الناس کو درپیش مسائل سے آگاہ کرنے کے علاوہ علاقے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام الناس کو بھرپور انصاف فراہم کرے گی اور عوامی فلاح بہبود کے لیے دیئے گئے فنڈز کو عوام کی فلاح بہبود کے کاموں میں خرچ کی جائے گی۔ بلتستان کے دورے پر آئے ہوئے مہمانوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کیںاور ان سے گلگت بلتستان کے حوالے سے کچھ دیر تبادلہ خیال کیا۔

بعدازاں انہوں نے گورنر گلگت بلتستان کے ہمراہ سرفرنگاہ کولڈ ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دورہ کیا۔ انہوں نے سرفرنگاہ میں ٹینٹ ویلجز میں مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے گورنر کے ہمراہ دی گئی بریفنگ میں بھی شرکت کیں۔ اس موقع پرانہوں نے گورنر کے ہمراہ جیپ ریلی کے اگلے مرحلے میں حصہ لینے والے موٹر سائیکل سواروں سے ملاقا تیں کیں اور موٹر سائیکل ریلی کا بھی جائزہ لیا۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں