وانا‘ سات ماہ سے بند تنخواہیں نہ ملنے پر پولیو سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان

بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ ہماری بند تنخواہیں دینے میں دلچسپی نہیں لے رہی اور ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں‘خاصہ دارفورس کے صوبیداروں اور حوالدروں کی پریس کانفرنس

جمعرات 14 فروری 2019 14:50

وانا‘ سات ماہ سے بند تنخواہیں نہ ملنے پر پولیو سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان
وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) احمدزائی وزیر کے تمام نو بڑے قبائیل بشمول سلیمان خیل و دوتانی کی خاصہ دار فورس کے صوبیدار وں اور حوالداروں کی وانا پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس ،سات ماہ سے بند تنخواہیں نہ ملنے پر پولیو سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان،اگر 25تاریخ تک بند تنخوہیں ادا نہ کی گئیں توہم نے تمام چیک پوسٹیں خالی کرنے فیصلہ کرلیا ہے۔

وانا پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبیدار رسول جان وزیر ،صوبیدار اللہ نواز وزیر،محمد ایوب دوتانی ،بانگل خوجل خیل،بادشک جی خیل،جلاندھر ڈسی خیل،سمت اللہ سرکی خیل،نظیر سپیرکائی ،جمیل گنگی خیل،عبدالسلام کرمز خیل و دیگر نے کہا کہ بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ ہماری بند تنخواہیں دینے میں دلچسپی نہیں لے رہی اور ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں ہمارے بچے فاقہ کشی پرمجبور ہیں ہم تو اپنے بچوں کی سکول فیس ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے وانا میں وزیر ،سلمیان خیل اور دوتانی قبائل کے صوبیداروں ،حولداروں اور سپاہیوں پر مشتمل ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جرگے میں 14 سو کے قریب وزیر ،سلیمان خیل اور دوتانی قبائل کے خاصہ دار فورس کے اہلکار شامل تھے۔صوبیدا رسول جان نے کہا کہ ہم نے تنخواہیں کھولنے کیلئے سخت کوششیں کیں لیکن ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان سے ہوتے ہوئے پشاور میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزائی کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں سیکرٹری سیفران کو بھی آگاہ کیا ہے لیکن ٹس سے مس نہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان کے خاصہ دار فورس کو بروقت تنخواہیں مل رہی ہیں لیکن ہمیں کیوں نہیں دی جارہی جس کے جواب میں متعلقہ حکام نے کہا کہ آپ کو دو دن میں تنخواہیں ادا کی جائیگی لیکن دو ماہ گزر گئے کہ ابھی تک ہمیں ایک پائی تک ادا نہ کی گئی۔صوبیداروں نے دوسری جانب سب سے بڑا فیصلہ یہ بھی کرلیاہے کہ 30ہزار تک اپنے بچوں کو اس وقت تک پولیو کے قطرے نہیں پھیلائینگے جب تک ہمیں تنخوہیں ادا نہ کی جائیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کے پی کے ،گورنر کے پی کے اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ اگست 2018تا فروری 2019تک بند تنخواہیں فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں