وزیر اعلی خیبرپختون خوا اور گورنر کے درمیان سرد جنگ سے قبائلی اضلاع کے ایک کروڑ قبائلی عوام کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے،عرفان الدین برکی

سرد جنگ کو ختم کرکے قبائلی اضلاع کی بہتری کے لئے قانون سازی کریں،سرکردہ قبائلی راہنما

جمعرات 21 فروری 2019 21:09

جنوبی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) وزیراعلی صوبہ خیبرپختون خواہ اور گورنر کے پی کے کے درمیان جاری سرد جنگ کی وجہ سے قبائلی اضلاع کے ایک کروڑ قبائلی عوام کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے۔سرد جنگ کو ختم کرکے قبائلی اضلاع کی بہتری کے لئے قانون سازی کریں ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان عمران خان کی والدہ شوکت خانم کے آبائی علاقہ کانی گرم کے برکی قبائل کے سرکردہ قبائلی راہنما ملک عرفان الدین برکی نے قبائلی اضلاع کے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

ملک عرفان الدین برکی کا کہناتھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی والدہ شوکت خانم ان کے قبیلہ سے تعلق رکھتی تھی ۔شوکت خانم غیور قبائلی خاتون نے ایک ایسے غیور عمران خان کو جنم دیا ہے جس کے دل میں پاکستان کی بہتری اور پاکستان کے عوام کی بہتری کا درد ہے۔

(جاری ہے)

اور عمران خان پاکستان کی بقاء اور سالمیت کی جنگ لڑ رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے زریعے سعودی جیلوں میں عرصہ دار سے قید دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کو رہا کرکے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ ان قیدیوں کی رہائی کا پتہ ان لوگوں کو نہیں چلتا ہے جن کے دلوں پر چربی ہے ۔ان قیدیوں کی رہائی کا پتہ ان لوگوں سے کیا جائے جو اپنے پیاروں کی رہائی کے لئے زار وقطار رو رو کر تک چکے تھے ۔ملک عرفان الدین برکی نے کہا کہ صوبہ خیبرپختون خواہ کے وزیراعلی محمود خان اور گورنر کے پی کے شاہ فرمان کے درمیان پچھلے کئی ماہ سے سرد جنگ جاری ہے ۔

اس سرد جنگ کی وجہ سے قبائلی عوام متاثر ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سرد جنگ کو ختم کرکے قبائلی عوام کے مفاد کے لئے کام شروع کیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے دہشت گردی کی جنگ کی وجہ سے اپنے مکانات گنوا دئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان میں چار لاکھ سے زائد مکانات اپریشن راہ نجات کے دوران تباہ ہوئے ہیں ۔اب قبائلی عوام کو اس کا معاوضہ بھی نہیں مل رہا ہے ۔انھوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلی اور گورنر کے پی کے کے درمیان سرد جنگ ختم کرنے اور قبائلی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں