قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے تینوں بڑے قبیلوں کے عمائدین نے ترقیاتی منصوبوں کی غیر منصفانہ تقسیم کو مسترد کردیا

پیر 20 مئی 2019 21:56

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے تینوں بڑے قبیلوں کے عمائدین نے ترقیاتی منصوبوں کی غیر منصفانہ تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سمیت تمام اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔قبائلی جرگہ کے عمائدین نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دل نواز خان اور ڈیویلپمنٹ کلرک معراج الدین کا فوری تبادلہ کا مطالبہ کیا ۔

زرائع کے مطابق پولیٹیکل کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان کے جرگہ ہال میں محسود قبائل کے تینوں بڑے قبیلوں بول زئی ،منزئی ،شمن خیل اور برکی قبائل کے عمائدین کا ہنگامی گرینڈ جرگہ منعقد ہوا ۔جرگہ میں ملک راپا خان محسود ،ملک حبیب محسود شابی خیل،ملک سدرام خان،ملک سیف الرحمن محسود،ملک اقبال شابی خیل، ،پیر منہاج الدین،ملک پیر محمد لنگر خیل، ملک اسمعیل خان محسودملک محمد رومان محسود ملکشائی،ملک عرفان الدین برکی ،ملک رامتل خان محسود کے علاوہ دیگر بہت سے عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جرگہ میں قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے سالانہ ترقیاتی پروگرام ADP2019-20 کے ترقیاتی منصوبوںکی غیر منصفانہ تقسیم پر غور و خوص کیاگیا ۔اے ڈی پی کی تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے ،وزیراعظم پاکستان عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیراعلی صوبہ خیبرپختون خواہ محمود خان ، گورنر صوبہ خیبرپختون خواہ ،کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر ،چیف سیکرٹری صوبہ خیبرپختون خواہ ، کمشنر ڈیرہ اسمعیل خان اور آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل اظہر محمود سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ADP 2019-20میں بڑے پیمانے پر خرد برد کیاگیا ہے ۔

اس تقسیم کو ہم مکمل طور پر رد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہوئے کہ موجود ہ تقسیم کو فوری طور پر منسوخ کرکے قومیت اور علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ترقیاتی منصوبوں کو تقسیم کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبے قبائلی عمائدین کو دئے جائیں ۔بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ نکات سسٹم کے تحت اور علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تقسیم کیا جائے ۔

قبائلی جرگہ کے عمائدین نے عید الفطر کے دسویں دن بعد تک ایلٹی میٹم دیا اور کہا کہ اگر عید الفطر کے دسویں روز بعد تک اے ڈی پی کو منسوخ نہ کیا گیا تو آئندہ کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ملک رامتل خان محسود ،ملک عرفان الدین برکی اور دیگر نے بعد میں میڈیا سے باتچیت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں کرپشن کی پیداوار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دل نواز خان اور ڈیویلپمنٹ کلرک معراج الدین ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بیس پرسنٹ پر فروخت کئے گئے ہیں۔اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دل نواز خان نے حال ہی میں کئی کروڑ روپے سے نیا بنگلہ لیا ہے۔انھوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان دل نواز خان اور ڈیویلپمنٹ کلرک معراج الدین کا احتساب کیا جائے اور ان کو فوری طور پر تبدیل کئے جائیں ۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں