9 اقوام پر مشتمل احمدزائی وزیر قبائل کا وانا بازار میں گرینڈ جرگہ

اگر حکومت نے وانا کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ نہ کیا تو پشاور اور اسلام آباد میں دھرنے دئیے جائیں گے

جمعہ 21 فروری 2020 19:55

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) جنوبی وزیرستان وانا میں 9/11کے بعد دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ سے متاثرہ لوگوں کا مالی وجانی نقصانات کے ازالے کیلئے نو اقوام پر مشتمل احمدزائی وزیر قبائل کا وانا بازار میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا،جرگے میں شامل افراد نے متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کل ایک اہم جرگہ منعقد ہونے کے بعد ایف سی کیمپ وانا کے سامنے دھرنا دینے کیلئے خیمے لگائے جائیں گے۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وانا سیاسی اتحاد کے صدر آیاز وزیر،صدر پیپلز پارٹی آمان اللہ وزیر اصغر وزیر، عمران مخلص وزیر،ملک عبدالخالق وزیر،ملک محمد خان وزیر،ملک بہادر وزیر،ملک نظام الدین وزیر اور ملک سرفراز وزیر ودیگر نے کہا کہ وانا وہ بدقسمت خطہ ہے جہاں سب سے پہلے دہشت گردی کی جنگ شروع ہوگئی جس میں ہزراوں لوگ مختلف ملٹری اپریشنز میں متاثرہوئے جبکہ انکی کھڑی فصلیں، قیمتی باغات اور کاروبار بری برح متاثر ہوگئے ہیں اس کے علاوہ سینکڑوں بے گناہ قبائل شہید اور زخمی بھی ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اپریشنوں میں احمدزائی وزیر قبائل کے ہزراوں گھر اور وانا بازار و بائی پاس روڈ پر سینکڑوں کاروباری مراکز مسمار کردئیے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج تک ان ہزراوں متاثرین کو حکومت کی جانب سے کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔لہذا حکومت وقت وانا متاثرین کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیکر انہیں پورا معاوضہ دیا جائے۔اگر حکومت نے وانا کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ نہ کیا تو پشاور اور اسلام آباد میں بھی دھرنے دئیے جائیں گے۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں