فلور ملوں سے مقامی لوگوں کو سبسڈی والے آٹے کی فراہمی شروع کردی ہے،ڈی سی جنوبی وزیرستان

منگل 31 مارچ 2020 22:50

جنوبی وزیرستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمید اللہ خٹک نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے قبائلی ضلع کے اندر واقع مختلف فلور ملوں سے مقامی لوگوں کو سبسڈی والے آٹے کی فراہمی شروع کردی ہے۔ انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن اور معاشرتی فاصلے کی وجہ سے، انہوں نے جنوبی وزیرستان کے تینوں سب ڈویژنوں میں مقامی لوگوں کو ان کی دہلیز پر امدادی آٹے کی فراہمی شروع کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملوں میں آٹے کی دستیابی کی جانچ پڑتال کے لئے اے ڈی سی فہد اللہ خان کو تعینات کیا گیا ہے۔ حمید اللہ خٹک نے کہا کہ گذشتہ نو دنوں سے ضلع میں لاک ڈاؤن ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ پوری کوشش کر رہی ہے کہ غریب لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں کے ذریعہ ضلع کے دو انٹری پوائنٹس پر نگرانی کی جارہی ہے اور کھانے پینے کے سامان کے علاوہ کسی اور کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر عامر نواز باقاعدگی سے ضلع میں واقع تین فلور ملز، وزیرستان فلورملز، وانا فلورملز اور تھری اسٹار فلورملز کے باقاعدگی سے دورے کرتے ہیں، جو ضلع میں دکانداروں کو آٹے کے ٹرک بھجواتے ہیں۔ بیس کلو آٹے کا تھیلا لوگوں کو 820 روپے کے حساب سے فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ دوآگ، کریکوٹ، گھاکاؤ، شن ورسک، اعظم ورسک، تانائی، اسپن، گل کچ، شکی اور تیارزا علاقوں میں سبسڈی والے آٹا کی تقسیم جاری ہے جبکہ لدھا اور سروکئی سب ڈویژنوں کے علاقوں میں جلد ہی رسد شروع ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں