جنوبی وزیرستان میں احساس پروگرام کے تحت امدادی پیکیج کی تقسیم کے لئے نومراکز قائم

پیر 13 اپریل 2020 21:10

جنوبی وزیرستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2020ء) ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمید اللہ خٹک نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ایف سی ساؤتھ کے تعاون سے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے تینوں سب ڈویڑنز میں احساس پروگرام کے تحت امدادی پیکیج کی تقسیم کے لئے نومراکز قائم کیے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں پہلے سے رجسٹرڈ 4200 خاندانوں میں فی خاندان 12000 روپئے تقسیم کئے جائینگے جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے تقریباً بائیس ہزار خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے سروے کے لئے 36 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی۔

حمید اللہ خٹک نے کہا کہ ان نشاندہی کیے گئے بائیس ہزار خاندانوں کی لسٹ صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ہے جن کو اگلے ہفتے تک احساس پروگرام کے تحت امدادی پیکج متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وانا میں ایگری پارک ، گورنمنٹ پرائمری اسکول شولم ، آرمی پبلک اسکول شکائی ، اور گورنمنٹ ہائی اسکول توکھولا اس طرح لدھا میں تحصیل بلڈنگ سراروغہ اور تحصیل بلڈنگ لدھا اور دیگر جگہوں پر مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سرکائی سب ڈویڑن میں ، مولا خان سرائے اور ڈپٹی کمشنر کے احاطے میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان علاقوں کا انتخاب کیا جن میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ حمید اللہ خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کی ہدایات اور ایف سی ساؤتھ کی تعاون سے عوام کی بھر پور خدمت کررہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی نااہلی اور کوتاہی کی صورت میں قانونی چارہ جوئی سے دریغ نہیں کرے گی۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں