وفاقی وزیر داخلہ کا قبائلی عمائدین کو جرگہ سسٹم کی بحالی ،انگور اڈہ پر ویزا کی سہولت دینے کا وعدہ

علاقے کے لوگوں کے تمام مسائل حل کئے جائینگے ،وزیراعظم سے بھی ملاقات کا انتظام کیا جائیگا، شیخ رشید احمد

ہفتہ 5 جون 2021 00:05

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کو جرگہ سسٹم کی بحالی اور انگور اڈہ پر ویزا کی سہولت دینے کا وعدہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے کے لوگوں کے تمام مسائل حل کئے جائینگے اور اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی ملاقات کا انتظام کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کوجنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور وانا میں احمد زئی وزیر، سلیمان خیل اور دوتانی قبائل کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کیا جس میں آئی جی ایف سی میجرجنرل عمر بشیر۔

کمانڈیٹ ایس ڈبلیو ایس وسیم الطاف کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر لطیف،ڈپٹی کمشنر ساتھ خالد اقبال۔آرپی او ڈیرہ اسماعیل خان ریجن شوکت عباس اور ڈی پی او ساتھ وزیرستان شوکت علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس گرینڈ جرگہ میں ملک جمیل توجی خیل، ملک رحمت اللہ زلی خیل ،مولانا میرزاجان خوجل خیل اور ملک علاوالدین زلی خیل سمیت 30 عمائدین شریک ہوئے۔

قبائلی عمائدین نے وزیر داخلہ کو یاد دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے یہاں کہا تھا کہ ساتھ وزیرستان کو دو ضلعوں میں تقسیم کیا جائے گا لیکن تاحال وعدہ وفا نہیں ہوا عمائدین نے کہا وزیرستان کے سرکاری دفاتر ٹانک میں ہیں،جس سے معمول کے کاموں کے لئے بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن کی طرح یہاں بھی پولیس کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کریں تاکہ جرگے سسٹم کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے،انگور اڈہ سے گومل زام روڈ کو سی پیک سے منسلک کیا جائے۔

انگور اڈہ میں تعلیمی سہولت نہیں،یہاں نئے کالج اور سکول کھولے جائیں اور انگور اڈہ باڈر پر کسٹم ٹرمینل اور عوام کے لئے مارکیٹ بنائی جائے۔وانا میں سمال ڈیم اور بڑے ڈیم بننے چاہئے کیونکہ یہاں پانی کی سطح بتدریج نیچے جارہی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج پہلی دفعہ وانا آیا ہوں، آئندہ ہر 3 ماہ کے اندر چکر لگائوں گا،خود جرگے سسٹم کو سپورٹ کرتا ہوں، بجٹ سیشن کے فوری بعد آپ سب کی وزیر اعظم سے ملاقات کا انتظام کروں گا آپ کے غیرتمند قبائل پاکستان کے وفا دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مسلمان ممالک کے حالات دیکھ لیں شام عراق لیبا میں کیا ہوا پاکستان کے حالات ان ممالک سے بہتر ہیں،پاکستان میں اسلام کی برکت ہے، اس کی رگوں میں پاک فوج کے جوانوں کا خون اور آپ لوگوں کی قربانیاں شامل ہیں،وعدہ کرتا ہوں میری وزارت میں ویزہ کا سسٹم پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ پر جس طرح چاہتے ہو اس طرح ہو گا۔ اگر آپ چاہیں تو مشین لگوا دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پرانا جرگہ نظام بحال کروائونگا اور یہاں تعلیمی سہولیات بھی بڑھائی جائینگی۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں