جنوبی وزیرستان میں پولیس تھانے سے چرایا گیا اسلحہ برآمد

منگل 11 اپریل 2023 17:18

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2023ء) جنوبی وزیرستان پولیس نے اعظم ورسک کے ایک گاؤں میں بن یامین نامی شخص کے گھر سے پولیس تھانے پر حملہ کر کے چرایا گیا اسلحہ اور ساز و سامان برآمد کرلیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شبیر حسین کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں وانا شہر کے سٹی پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار بھی شدید زخمی ہوا تھا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

(جاری ہے)

برآمد کیے گئے اسلحے میں ایک عدد ایس ایم جی، دو عدد میگزین، ایک عدد بلٹ پروف جیکٹ، دو عدد وائرلیس سیٹ، دو موبائل فون، تین آر پی جی گولے سمیت بوسٹر، 11 دستی بم، 5کلو بارودی مواد، 1126 ایس ایم جی کارتوس، 3 آئی ای ڈیز، ایک عدد گیس گن، ایک ٹارچ، دو بیگز اور ایک ہیلمٹ شامل تھا۔خیال رہے کہ 12 دسمبر کو رات کی تاریکی میں 40 سے 50 نامعلوم دہشت گردوں نے وانا سٹی تھانے پر حملہ کیا تھا او شدید لڑائی کے بعد تھانے میں گھس کر وہاں موجود اسلحہ اور سامان ساتھ لے گئے تھے،اس حملے کے بعد جنوبی وزیرستان پولیس نے دن رات کوشش کی اور گزشتہ روز خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے تمام سرکاری سامان کو ایک گاؤں میں بن یامین نامی شخص کے گھر سے برآمد کرلیا۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں