وانا میں جاری چھٹاآل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کامیاب انعقاد کے بعد اختتام پذیر ہو گیا

فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بلدیہ کلب چمن کی ٹیم نے چشمہ گرین میر انشاہ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی، عمائدین نے مقامی انتظامیہ اور پاک فوج کا ٹورنامنٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 27 اکتوبر 2020 18:04

وانا میں جاری چھٹاآل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کامیاب انعقاد کے بعد اختتام پذیر ہو گیا
وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانامیں سپورٹس کمپلیکس میں مقامی انتظامیہ اور وانا سپورٹس کمیٹی کے زیر انتظام ستمبر سے روائتی جوش و خروش سے جاری چھٹا آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ بلدیہ کلب چمن کی کامیابی پر اختتام پذیر ہو گیا۔

فائنل میں بلدیہ کلب چمن کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں چشمہ گرین میر انشاہ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

جیتنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے بطور انعام دیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف جنوبی وزیرستان کے سینئر نائب صدر غلام رسول تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز نے بھی فائنل میچ ملاحظہ کیا۔

(جاری ہے)



مہمان خصوصی نے ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ پورے ٹورنامنٹ میں مقامی عوام کی شمولیت دیدنی تھی جبکہ فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں بچے بوڑھے اور جوان وانا سپورٹس کمپلیکس پہنچے۔

ٹورنامنٹ میں سوات، چترال، اسلام آباد ،کوئٹہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد کی ٹیموں نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کے پر امن انعقاد کیلئے بہت موثر انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سیکورٹی بھی خاطر خواہ تھی ۔عوام کی سہولت کیلئے پورے ٹورنامنٹ میں تمام سہولیات سے لیس ایمبولینس تعینات رہی تاکہ کسی ناخوشگوار واقع سے بخوبی نمٹا جا سکے۔

علاقے کے عمائدین نے مقامی انتظامیہ اور پاک فوج کا ٹورنامنٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

نوجوانوں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ نہ صرف علاقے کے نوجوانوں کو غیر نصابی سرگرمیوں کی جانب مائل کرے گی بلکہ اس سے اس علاقے کا مثبت تاثر دنیا بھر میں اجاگر ہوگا۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں