شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں پودوں کا قومی دن منایا گیا

پیر 19 اگست 2019 21:05

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور وزارت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی ہدایات پر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں گزشتہ روز پودوں کا قومی دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی وائیس چانسلر شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور، میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر، مختلف فیکلٹیوں کے ڈین ، رجسٹرار ، اساتذہ اور افسران کے ہمراہ روایتی مقامی درختوں کے دو دو پودے لگائے۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے تمام شرکاء نے کیمپس میں دو دو پودے لگائے۔ اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے یہ تاریخی مہم شروع کرنے پر وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مثبت سوچ سے اپنے ماحول کو تروتازہ اور دوستانہ بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں یہ مہم جاری ہے جس کا سہرا وزیرِ اعظم پاکستان کے سر ہے۔ وائیس چانسلر نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ شجر کاری کی اس مہم سے ہم اپنے ملک کو سرسبز بناسکتے ہیں ۔ یہ مہم وزارت موسمیاتی تبدیلی کیلئے بھی مفید ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کافی تعداد میں درختوں کے پودے لگائے گئے ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں