شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکی وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی جانب سے یونیورسٹی کے گھوٹکی کیمپس کا دورہ

بدھ 13 نومبر 2019 00:07

سکھر۔ 12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے یونیورسٹی کے گھوٹکی کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر پروین شاہ نے کیمپس کے اساتذہ، ملازمین اور طلبہ و طالبات سے بات چیت کی۔ طلبہ و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات سوشل میڈیا میں کیمپس کی تدریس، تحقیق اورترقی کو اجاگر کریں۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے طلبہ و طالبات کو بہتراور پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مقصود ضیا ئ شاہ کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹر مقصود ضیاء کو ہدایت کی کہ کیمپس کی علیحدہ عمارت کیلئے پی سی ون جلد از جلد تیا ر کی جائے۔

اس موقع پر ڈاکٹر پروین شاہ نے ضلع گھوٹکی اور اس کے مضافاتی علاقوں کے طلبہ و طالبات کیلئے کیمپس کھولنے پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کو سراہا۔ وائیس چانسلر نے کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مقصود ضیاء شاہ ڈائریکٹر گھوٹکی کیمپس نے وائیس چانسلر کو کیمپس کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو فراہم کی جان والی سہولیات کے بارے میں آگاہی دی۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس کی لائبریری ڈیجیٹل کی جا چکی ہے اور بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ ہو چکا ہے۔ ایڈمیشن ٹیسٹ 2020 میں 165 طلبہ و طالبات نے داخلہ حاصل کیا ہے۔55 طالبات کیمپس میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کیمپس کیلئے حکومتِ سندھ سے 65 ایکڑ زمین حاصل کی ہے۔ جبکہ طلبہ و طالبات کی سہولت کیلئے دو کوسٹرز چل رہی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ڈائریکٹر شہدادکوٹ کیمپس، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری ڈائریکٹر میڈیا اور پبلک ریلیشنز، سید فاروق شاہ ، عمران علی سومرو، علی احمد کندھر و دیگر بھی دورے کے موقع پر وائیس چانسلر کے ہمراہ تھے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں