وائس چانسلر کی زیر صدارت شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کھولنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

پیر 7 ستمبر 2020 23:17

سکھر۔7 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2020ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی صدارت میں یونیورسٹی کھولنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کھولنے کے حوالے سے مختلف معاملات پر گفت و شنید ہوئی۔ اس موقع پر طویل گفت و شنید کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں یونیورسٹی 15 ستمبر سے کھولی جائے گی۔

پہلے فیز میں فائنل سال کے طلبہ و طالبات یونیورسٹی میں کلاسیں لیں گے۔ کلاسوں کی اوقات میں کمی کی جائے گی۔ ایک کلاس میں صرف 30 طلبہ و طالبات کلاس لے سکیں گے۔ انتظار گاہ اور واش رومز میں روزانہ دو بار اسپرے کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں ایک میڈیکل سیل قائم کیا جائے گا جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

(جاری ہے)

حکومتی ایس او پیز کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔

ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی کیا جائے گا۔ اس موقع پر دو کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وائیس چانسلر کی کنوینر شپ میں ڈینز، رجسٹرار، ناظم امتحانات، آئی ٹی منیجر، پرووسٹ ہاسٹلز، انچارج ٹرانسپورٹ و دیگر ممبران پر مشتمل نفاذ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ رجسٹرار کی سربراہی میں کمانڈ کنٹرول اور کوآرڈنیشن سیل بھی قائم کیا گیا اس سیل میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز، انچارج سیکیورٹی ،آئی ٹی منیجر اور آئی ٹی آفس کا اسٹاف شامل ہوگا۔

یہ کمیٹی ضلعی انتظامیہ اور ضلعی ہیلتھ آفیس سے رابطے میں رہے گی۔ کلاسز کے متعلق یونیورسٹی کی رپورٹ سیکریٹری یونیورسٹیز اور بورڈز کو بھیجی جائے گی۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتوڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ مشوری ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی جونیجو ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شر ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ایڈوکیٹ منظور حسین لاڑک ڈین فیکلٹی آف لا، مرید حسین ابوپوٹو رجسٹرار، سید منیر شاہ آئی ٹی منیجر ، سکندر علی جانوری و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں