2018 کے الیکشن کو ملک کی سیاسی تاریخ میں نہایت اہمیت حاصل ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان، متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2018 کے الیکشن کو ملک کی سیاسی تاریخ میں نہایت اہمیت حاصل ہے یہ الیکشن پاکستان کے نظریاتی تشخص اور مستقبل کا تعین کریگا، عوام25جولائی کو ایم ایم اے کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ کے ذریعے خوشحال اسلامی پاکستان کے مستقبل کا چناؤکریں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ شب دیر گئے حسینی روڈ سکھر میں منعقدہ ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیق، مجلس عمل کے رہنمایان حسن اقبال زیدی، ضلعی صدر مولانا حزب اللہ جکھرو، حلقہ پی ایس 24 سکھرسے نامزد امیدوار زبیر حفیظ شیخ، مولانا سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبدالرحمن ثاقب، مولانا رضوان قادری، ممتاز حسین سہتو، نظام الدین میمن، سرفراز صدیقی ، مولانا سلطا ن لاشاری، مولانا امداد حسین حسینی، سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت و خطاب کیا، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 25جولائی کا الیکشن صرف انتخابی امیدواروں افراد کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ نظریات کی بنیاد پر مقابلہ ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام نے بار بار منتخب کیا لیکن اس نے جواب میں سندھ کے عوام کو مشکلات و مصائب میںڈال دیا، پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سندھ کو مسائلستان بنا دیا ہے، یہ ظالم جاگیردار کا ٹولہ ہے اور طبقہ ہے جس نے معاشرے کو یرغمال بنا رکھاہے، انشاء اللہ عوام اس سے اب نجات حاصل کر یں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہمارے مخالفین کی پشت پر مغرب اور مغرب کے میڈیا کامنفی پروپیگنڈا موجود ہے جو ہیرو کو زیرو بناکر دکھانے میںمشغول ہے، ایم ایم اے کا وجود اس کی نگاہ میں کھٹک رہا ہے، انشاء اللہ ایم ایم اے کی حکومت ملک سے غربت و مہنگائی بیروزگاری بد امنی کا خاتمہ کریگی، صعیف العمر افرادکو بڑھاپا الاؤنس اور بیروزگاروںکو الاؤنس دیں گے۔ انہوں نے زور دیاکہ اگر اس بار بھی اس طبقہ کو ووٹ دیا تو یہ استحصالی طبقہ انکی زندگی اجیرن کر دیگا، ملک میں اسلامی فلاحی نظام مصطفی کے قیام کے لئے عوام ایم ایم اے کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیںاور ملک میں حقیقی تبدیلی کا ساتھ دیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں