سکھر کی تاجر برادری کے دو مخالف دھڑے باہم ایک ہو گئے، ایسوسی ایشنوںکے انضمام کا اعلان

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) سکھر کی تاجر برادری کے دو مخالف دھڑے باہم ایک ہو گئے، حاجی ہارون میمن کی جانب سے صرافہ جیم اینڈ جیولرز کو صرافہ ایسوسی ایشن میں ضم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حاجی محمد جاوید میمن نے انتخابی مہم کے دوران صرافہ بازار سکھر کا دورہ کر کے حاجی محمد ہارون میمن سے ان کی دکان پر ملاقات کی۔

اس موقع پردونوں رہنمائوں نے آپس کی رنجشیں ختم کر کے تاجر برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کا عزم بھی کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاجر برادری میں دھڑا بندی سے سیاستدان اور بیوروکریٹس فائدہ اٹھاتے ہیں، جس سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ شہر بھر کی تاجر برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے ان کے مسائل بہتر انداز سے حل کرائے جائیں،ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے رہنما حاجی محمد جاوید میمن کو سکھر کا بڑا لیڈر دیکھنا میری خواہش ہے ہم تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے ان کے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے تاجر برادری کو بہتر سے بہتر مقام دلائیں گے، اس موقع پر انہوں نے صرافہ جیم اینڈ جیولرز کو صرافہ ایسوسی ایشن سکھر میں ضم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ تاجروں اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ہے جو آج بھی جاری ہے، حاجی محمد ہارون میمن کی جانب سے تاجروں کے مفاد میں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے، ہم سب تاجر برادری ایک ہی لڑی کے پھول ہیں صرافہ ایسوسی ایشن سمیت شہر بھر کی تاجر برادی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے نام نہاد سیاستدانوں کو بتادیں گے کہ تاجر برادری اپنے مسائل کے حل کیلئے خود کھڑی ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں