ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے حلقوں میں بھی یوٹرن آگیاہے ،سید خورشید شاہ

رواں سال سندھ میں برسات نہیں ہوئی، ہم نے تھر کے لیے کچھ کیا ہے جب ہی وہاں کے لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا،رہنما پیپلزپارٹی

پیر 15 اکتوبر 2018 18:47

ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے حلقوں میں بھی یوٹرن آگیاہے ،سید خورشید شاہ
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو اڑا کر رکھ دیاہے،پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے حلقوں میں بھی یوٹرن آگیا، پانی کی قلت کا مسئلہ صرف سندھ حکومت کا نہیں، رواں سال سندھ میں برسات نہیں ہوئی۔ ہم نے تھر کے لیے کچھ کیا ہے جب ہی وہاں کے لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا۔

سکھرمیں میڈیا سے گفتگو میںخورشید شاہ نے کہاکہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہم ملک کے لیے کیا کر سکتے ہیں، تمام اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ آپ حکومت چلائیں۔انہوں نے کہا کہ آج کسی نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت 140 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر سے حکومت دبائو ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

گالم گلوچ، کسی کو برا کہنے سے معیشت اچھی نہیں بری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے الجھن اور خوف پیدا ہوگیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پر بات ہوئی، اسپیکر نے کہا آئندہ اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کروں گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس کے عہدے کا احترام ہے، عدالتوں میں بہت سے کیسز زیر التوا ہیں۔ پنجاب و دیگر صوبوں میں قانون الگ الگ طریقے سے استعمال ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دوسرے اداروں کی کارکردگی کو نشانہ بنانے سے حالات خراب ہوتے ہیں۔ ہم توڑ پھوڑ کی نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کی بات کریں گے، حکومت کو کام کرنے دینا چاہتے ہیں، مگر وہ کارکردگی بہتر کریں۔ضمنی انتخابات کے نتائج پر بات کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں عام طور پر ہر جماعت اپنی خالی کردہ نشستوں پر دوبارہ کامیاب ہوجاتی ہے، جس طرح پیپلز پارٹی نے سندھ میں اور چوہدری برادران تک نے اپنی خالی کردہ نشستیں جیت لیں لیکن تحریک انصاف بڑی تعداد میں اپنی ہی نشستیں ہار گئی، لاہور میں توعوام نے حکومتی جماعت کو اڑا کر رکھ دیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے آئی ایم ایف جانے اور دیگر اقدامات سمیت یو ٹرنز پر ان کے جیتے حلقوں میں بھی یو ٹرن آ گیا، عوام تیزی سے گرتی ملکی معیشت پر پریشان ہیں، نئے ٹیکسز،مہنگی بجلی، گیس کے اثرات سے عوام غصے میں ہیں، حکومت کی پچاس دن کی کارکردگی زیرو ہی نہیں مائنس میں ہے اور یہ وفاقی حکومت کی 50 روزہ کارکردگی کا ردِعمل ہے، ضمنی انتخابات نتائج کے بعد اسمبلیوں میں اپوزیشن کی آواز مزید زور پکڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کا مسئلہ صرف سندھ حکومت کا نہیں، رواں سال سندھ میں برسات نہیں ہوئی، لوگوں نے نقل مکانی کی۔ جہاں بھی ریگستانی علاقے ہیں، وہاں مشکلات ہیں۔ ریگستانی علاقوں میں پانی پہنچانا آسان نہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ تھر کے لیے کچھ کیا ہے جب ہی وہاں کے لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا۔ پارلیمنٹ ملک چلانے کا ادارہ ہے، وہیں سے پالیسیاں نکلنی چاہئیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں