چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس سکھر کا دورہ، غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کیخلاف جاری مہم کومزید فعال بنانے پر زور

منگل 27 نومبر 2018 15:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2018ء) چیئرمین پیمرا جناب محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس سکھر کا دورہ کیا۔ ریجنل انچارج نثار احمد پنور نے سکھرریجن کی لائسنسنگ ، قوانین کے نفاذ، ریکوری اور دیگر عملی سرگرمیوں اور غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو پیمرا فیلڈ سٹاف کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ایف آئی اے، کسٹم انٹیلی جنس، پولیس اور رینجرز کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ان چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں غیرقانونی سامان قبضہ میں لیا گیاجس میں113سی لائن ریسیور، 23ایل این بی ،23ڈش انٹینا، 98 انٹینا کے سیل بیگ، 01سی پی یو اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیمرا نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیںغیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ میسر نہ ہو۔

انہوں نے سٹاف کو تلقین کی سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کہا کہ ملک سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے جو کہ ناصرف ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہے بلکہ ہمارے ملک کیلئے بڑے مالی نقصان کا بھی باعث ہے۔ اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے سکھر کے کیبل آپریٹرز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور انہیں سپریم کورٹ کے انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پرسختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق بنانے کی تلقین کی ، اور کہا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کا مجاز ہو گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کیبل آپریٹرز ایسے رفاع عامہ کے پیغامات جو معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ سپریم کورٹ ڈیم فنڈز، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین سے متعلق پیغامات کو زیادہ سے زیادہ نشر کریں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔ مزید برآں! چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تما م جائز مطالبات کو جلد از جلد منظور کرنے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کی مدد اور معاونت کرنے کا یقین دلایا تاکہ اس انڈسٹری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

چیئرمین پیمرا نے سکھر آفس کے افسران سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اورساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ ومشاورت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اور پیمرا لائسنس یافتگان سے مکمل تعاون کو یقینی بناتے ہوئے اس انڈسٹری کا مستقبل تابناک بنائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز) محمد طاہر اور سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل بھی ان کے ساتھ تھے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں