نواں گوٹھ میں صفائی کا عملہ غائب ہونے سے علاقے میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے

منگل 22 جنوری 2019 19:30

سکھر۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) شہر کا گنجان آبادی والا علاقہ نواں گوٹھ میں صفائی کا عملہ غائب ہونے سے علاقے میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، اقصیٰ مسجد والی گلی میں نکاسی نظام مفلوج ہونے سے گٹروں و نالیوں کا پانی سڑکوں کی زینت بن گیا، مرد و خواتین و بچوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس حوالے سے بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی کے زیر صدارت معززین و علاقہ مکینوں کا اجلاس بندھانی ہال میں ہوا، جس میں حاجی خضر حیات، حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت، حافظ شعیب و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

حاجی شریف بندھانی نے کہا کہ علاقے میں صفائی و ستھرائی کا عملہ غائب ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ رہی سہی کسر نکاسی آب کے مفلوج نظام نے پوری کردی ہے، علاقے میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے نکاسی نظام مفلوج ہے، جسے درست کرنے کے لئے اب انتظامیہ نے اقدامات کرنا شروع کئے ہیں مگر افسوس کہ وہ اقدامات ناکافی ہے، اقصیٰ مسجد والی گلی میں ایک فٹ کی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ یہاں پر گھروں کی تعداد جو کہ 500سے زائد ہیں کہ حساب سے کم از کم 3فٹ کی پائپ لائن ڈالنی چاہیے، ایک فٹ کی پائپ لائن سے نکاسی آب کا نظام درست نہیں ہوگا بلکہ جو لائن بچھائی جارہی ہے وہ چند دنوں کے بعد ہی افادیت کھو بیٹھے گی ، انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ اقصیٰ مسجد والی گلی میں ایک فٹ کے بجائے 3فٹ کی پائپ لائن بچھائی گئی اور علاقے سے گندگی کے ڈھیر صاف کرائے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں