سکھر رینج میں جرائم کی روک تھام اور سیکورٹی اولین ٹاسک ہے، ایڈیشنل آئی جی سکھر

ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے آفسران کے ہمراہ لاڑکانہ میں دریا کے اطراف دورہ کر کے سیکورٹی کا جائزہ لیا

اتوار 24 مارچ 2019 18:45

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے سکھر اور لاڑکانہ کے طوفانی دورے پر آفسران و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر رینج میں سکھر سے لاڑکانہ تک ہر قسم کے جرائم کی سرکوبی ، شہری ، دیہی علاقوں اور دریاؤں کے اطراف سیکورٹی کو موثر بنانے ، چوکیاں قائم کرنے ، کاروکاری کے واقعات کے سد باب اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ۔

اس سلسلے میں تمام آفسران کو نہ صرف ضروری ہدایات دی گئیں بلکہ تمام امور کا عملی طور پر جائزہ لینے کیلئے تمام اہم و حساس مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے لاڑکانہ اور سکھر میں شہری علاقوں اور دریا کے اطراف دورے کے موقع پر سیکورٹی کا جائزہ لیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ، ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش، ASPمحمد کلیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل احمد نے لاڑکانہ کھوڑو کمپلیکس میں منعقدہ اسپورٹس ویک کا افتتاح کیا۔ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات مستقبل میں پولیس فورس کو جوائن کر کے خدمت کے جذبے کو بروکار لائیں ۔ تقریب میں شہدائے نیوزی لینڈ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں طلباء و طالبات و حاضرین نے پولیس کی خدمات کو سراہا ۔

کمسن طلباء نے ملی نغمے پیش کیے اور مہمانوں کو پھول پیش کیے۔ دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے سکھر میں خواتین کی منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18دنوں میں سکھر رینج کے ضلع جیکب آباد، ضلع شکار پور، ضلع گھوٹکی، ضلع خیر پور، ضلع قمبر، اور ضلع کشمور میں کارو کاری کے 8واقعات پیش آئے۔ جن میں بیویوں کے قتل کرنے والے 6قاتل شوہر، ایک بھائی اور ایک سسر کو گرفتار کیا گیا۔

جبکہ خاتون کی لاش پھینکنے والے 3ملزمان پکڑے گئے۔ تیزاب پھینک کر خاتون کو زخمی کرنے والا پولیس اہلکار بھی گرفتار کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ سکھر رینج میں کارو کاری جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی آفس میں قائم وومن پروٹیکشن سیل کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ جہاں عورتوں پر تشدد ، ہراساں کرنے ، زنا بلجبر، تیزابپھینکنے ، جلانے اور کارو کاری وغیرہ جیسے جرائم کے سد باب کے لیے سیل 24گھنٹے ان مسائل کو دیکھ رہا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے جدید خطوط اور پولیس کی تکنیکی حکمت عملی کے مطابق بعض ضروری خفیہ منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں