کمشنر سکھر کی جانب سے پولیو کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

جمعرات 19 ستمبر 2019 00:25

سکھر۔18ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسرنے پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور ٹیموں کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف کچھریوں اور باتوں سے پولیو ختم نہیںہوگا ، مجھے عملی کام چاہیے ، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ایچ اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان سنجیدگی سے کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، پولیو ختم نہ ہونے کی بنیاد ی وجہ روٹین امیونائزیشن کا بہتر نہ ہونا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس کے کانفرنس روم میں پولیو کے خاتمے کے لیے قائم کردہ سکھر ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں سکھر ، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈائریکٹر ہیلتھ سکھر ، ڈی ایچ اوز ، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمشنر سکھر ڈویژن نے ضلع سکھر میں روٹین امیونائیزیشن کا کا م پی پی ایچ آئی کے سپرد کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ سکھر ریجن پولیو کے حوالے سے فلیش پوائنٹ رہا ہے ، سکھر سے انوائرمینٹل سیمپل کاپازیٹو آنا سب کے لیے ایک چیلینج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مائکرو پلان کے تحت کام نہیں ہورہا مصنوعی اور کاپی پیسٹ کی گئی پریزینٹیشن نہیں چاہیے آئندہ اجلاس جلد منعقد کروںگا جس میں حقائق پر مبنی رپورٹس اور بریفنگ پیش کی جائیں اور مائکرو پلان فیلڈ میں جاکر قابل افسران کی نگرانی میں تیار کئے جائیں جس پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول رومز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی سی آر زکے اجلاس ریگیولر بنیادوں پر کیے جائیں اور مسنگ چلڈرین کو ہر حال میں پولیو کے قطرے پلائے جائیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ورک کی خط و کتابت کو آسان بنایا جائے ، مانیٹرنگ رپورٹنگ اور سرویلنس کے کام کو مشکل ایبریویشنز میں الجھایا نہ جائے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ہدایت کی کہ مستقل سفری پوائنٹس کا دوباروہ جائزہ لیا جائے ، خیرپور - لاڑکانہ روڈاور رسول آباد میں سفری پوائنٹ قائم کرنے پر غور کیا جائے، وہ خود بھی سفری پوائنٹس کا معائنہ کرکے کارکردگی کا جائزہ لینگے ۔

کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم اور روٹین امیونائیزیشن میں کام نہ کرنے والے ورکرز اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیے جائیں۔انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ گھوٹکی اور دیگر اضلاع کے دور دراز اورریگستانی علاقوں میں ماروی ورکرز کو شامل کرکے ایل ایچ ویز کی کمی کو پورا کیا جائے اور انہیں ٹریننگ دی جائے ، جبکہ ماروی ورکرز سمیت دیگر این جی اوز نیٹ ورکس سے تعاون حاصل کرتے ہوئے ان کی گاڑیاں پولیو ورک میں استعمال کی جائیں تا کہ 100فیصد علاقوں تک رسائی ممکن ہوسکے۔

کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے مزید کہا کہ پولیو کے ختم نہ ہونے کا بنیادی سبب روٹین ویکسینیشن کی ناکامی ہے ، اس لیے روٹین امیونائزیشن کا کام بہتر کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں