آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس،عدالت نے خورشید شاہ کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا

خورشید شاہ نیب سے مکمل تعاون نہیں کررہے ہیں، خورشید شاہ کے خاندان کے مطلوب افراد بھی نیب سے تعاون نہیں کررہے، نیب پراسیکیوٹر نیب نے جو بھی سوالات دیئے ان کا جواب جمع کرا دیا گیاہے ، پہلے دن سے کہا تھاکہ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 ارب کی کہانی متاثرین باجوڑ کے اکائونٹ پرختم ہوتی ہے،وکیل خورشیدشاہ

پیر 21 اکتوبر 2019 14:57

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس،عدالت نے خورشید شاہ کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماسیدخورشید احمدشاہ کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیاہے۔پیرکوسکھر کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ کے خلاف اثاثہ جات کیس پر سماعت ہوئی،خورشید احمد شاہ کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد چوتھی بار احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت شروع ہوئی تووکیل نیب نے کہا عدالت کے حکم پر ڈاکٹروں نے خورشید شاہ کامیڈیکل چیک اپ کیا، میڈیکل رپورٹ میں مجموعی حالت تسلی بخش قراردی گئی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرنے اب تک نیب کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق ملزم خود نیب الزامات کے خلاف ثبوت فراہم کرتا ہے، مگر یہاں زائد اثاثوں کے سوال پر جواب ملتا ہے کہ وہ ان کا نہیں ہے، خاندان کا ہے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ سائٹ ایریا سکھر اور کراچی میں خورشیدشاہ کے مزید 3 پلاٹس کا ریکارڈ ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ کے فرنٹ مین اکرم خان کے اکائونٹ سی25لاکھ روپے خورشید شاہ کے دواکائونٹ میں منتقل ہوئے، خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ بھی اب تک نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے، پہلاج مل خورشید شاہ کا بزنس پارٹنر ہے، خورشید شاہ نیب سے مکمل تعاون نہیں کررہے ہیں، خورشید شاہ کے خاندان کے مطلوب افراد بھی نیب سے تعاون نہیں کررہے۔

نیب پراسیکوٹر نیب عدالت میں بزنس پارٹنر کے کاغذات پیش کردیئے اورکہا کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن مزید 15 دن کا ریمانڈ دیا جائے،جس پر خورشیدشاہ کے وکیل رضا ربانی نے کہاکہ نیب نے جو بھی سوالات دیئے ان کا جواب جمع کرا دیا گیاہے ، پہلے دن سے کہا تھاکہ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 ارب کی کہانی متاثرین باجوڑ کے اکائونٹ پرختم ہوتی ہے۔

رضا ربانی نے کہاکہ جسمانی ریمانڈ کے بجائے خورشید شاہ کو جیل بھیج دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ گھر اور اسمبلی فنڈز ریزنگ کی وجہ سے خورشید شاہ کو ایک ماہ سے حراست میں رکھا گیا ہے اگر یہ سب ہی پوچھنا اور کرنا تھا تو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ نیب ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا ہے، یہ زبردستی اپنی مرضی کا اعتراف کروانا چاہتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکی استدعا پرریمانڈ میں توسیع کردی اور 15 روزکے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ خورشید شاہ کو دوبارہ 4نومبر کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔سماعت سے قبل عدالت کے حکم پرڈاکٹرز کی ٹیم نے خورشید شاہ کا میڈیکل چیک اپ کیا، میڈیکل رپورٹ میں خورشید شاہ کی مجموعی حالت تسلی بخش قراردی گئی ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں