عوام کے ووٹ پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سکھر میں میڈیا سے بات چیت

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:30

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2019ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،آج بھی ہم عوام کی طاقت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ، بدھ کی شب جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کیلئے سکھر پہنچنے کے بعد جے یو آئی کے رہنما آغا ایوب شاہ کی رہائش گاہ سادات ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پہلی مرتبہ آزادی کا احساس قوم کے ہر فرد کے اندر ہے اور اس جذبے کے ساتھ ہم اسلام آباد جارہے ہیں کہ پاکستان میں فیصلے میں عوام کرے گی،ووٹ عوام کا ہے اور اس پر آئندہ کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی جرائت نہیں ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے عوامی راستہ اختیار کیا ہے، ہم نی15 ملین مارچ کیے ہیں اور آج بھی عوام کی طاقت کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک کو بیرونی اثرات سے پاک رکھنا چاہتے ہیں، جے یو آئی نے 1999،2000 اور 2001 میں جو مظاہرے کیے تھے کہ ہمارے ملک کو بیرونی اثرات اور بیرونی قوتوں کی مداخلت سے آزاد کرایا جاسکے، حکومت نے یہ کہہ کر آج فیصلہ کیا ہے کہ ہم مارچ کا راستہ نہیں روکیں گے، لیکن مارچ کرنے والوں کو ماضی میں ہونے والے دھرنوں سے متعلق عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ کل مجلس شوریٰ کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے کسی بھی انتہائی قدم کے مقابلے میں ہم بھی آخری حد تک جائیں گے۔ ہم کسی بھی ریاستی ادارے سے تصادم نہیں چاہتے۔، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کے صدر رہ چکے ہیں، لیکن آج انہیں مشکل سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، کافی وقت سے کہا جارہا تھا کہ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے وہ بھی کسی حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ساتھ دھمکیاں بھی دی ہیں، رہبر کمیٹی نے اکرم خان درانی کی قیادت میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں، لیکن اپنے اوچھے ہتھکنڈے روک لیں،

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں