ماضی کی غلطیوں کو ہم نہیں دھرائیں گے ‘ افسران و عملہ اپنا قبلہ درست کرلیں، میئر سکھر

بدھ 20 نومبر 2019 20:45

سکھر۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں جو غلطیاں کی گئی ہیں انہیں ہم نہیں دھرائیں گے ‘ افسران و عملہ اپنا قبلہ درست کرلیں ‘ بہت ہوچکا اب کسی کوتاہی یا لاپرواہی پر رعایت نہیں برتیں گے ‘ اپنا کام ایمانداری اور پوری لگن کے ساتھ سرانجام دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ اعلیٰ سکھر کے نویں عام اجلاس کے چوتھے روز کی کارروائی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ‘ نو تعینات میونسپل کمشنر محمد علی شیخ ‘ یوسی چیئرمین مختیار کھوکھر ‘ ڈاکٹر علی نواز کھوسو ‘ ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی ‘ عزیز اللہ خان مغل ‘ یاسین آرائیں ‘ فرید صدیقی ‘ میر عبدالرحمن مینگل ‘ عبدالرحمن صدیقی ‘ خواتین اراکین آپا ممتاز بیگم ‘ عذرا جمال ‘ زینت بھنبھرو ‘ غزالہ کاشف ‘ قمرالنساء ‘ میونسپل افسران ایکسین سہیل میمن ‘ پیر عطاء الرحمن خان ‘ عابد علی انصاری ‘ خالد جتوئی ‘ فیاض میمن ‘ جاوید انصاری ‘ جاوید اختر سمیت دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز میں میئر سکھر نے اے ای این الیکٹرک سے اسٹریٹ لائٹس کے حوالے سے بریفنگ طلب کی ‘ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر میئر نے انہیں آئندہ اجلاس میں تیاری کیساتھ آنے اور کونسل کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی جبکہ میئر نے یوسی چیئرمینز کو بھی پابندبنایا کہ وہ اپنی اپنی یوسیز میں لائٹس کی بحالی کے حوالے سے سروے کر کے رپورٹ پیش کریں تاکہ غیر فعال لائٹس کو دوبارہ روشن کرنے کیلئے کام شروع کیا جاسکے۔

میئر سکھر نے سندھ حکومت کی جانب سے کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 نافذ کئے جانے کے فیصلے پر عملدر آمد کے حوالے سے پبلک ریلیشن آفیسر پیر عطاء الرحمن خان سے جواب طلب کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ کام جاری ہے جلد شہریوں کی آگاہی کیلئے تشہیری مہم شروع کریں گے اور اخبارات کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ وہ مخصوص ڈسٹ بن میں کچرا ڈالیں ‘ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے زور دیا کہ دکانداروں کو اپنی دکانوں کے باہر ڈسٹ بن رکھنے کا پابند بنایا جائے ‘ سندھ حکومت کے فیصلے پر ہر صورت عملدر آمد ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا بھی دی جائے گی۔

پارکس میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تاخیر پر میئر سکھر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنسلٹنٹ کو ہدایت دیں کہ وہ جلد اپنا کام مکمل کرے ‘ واکنگ ٹریکس کو ترجیح بنیادوں پر بحال کیا جائے جبکہ انہوں نے میونسپل کمشنر کو بھی ہدایت جاری کیں کہ وہ تمام کام کا از خود جائزہ لیں اور کنسلٹنٹ اگر صحیح کام نہیں کررہا تو اس کا کنٹریکٹ منسوخ کریں اور کسی دوسرے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ اجلاس کے دوران میئر سکھر نے ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی کو بھی ہدایت جاری کیں کہ وہ ایک کیمپ کا انعقاد کریں اور ریٹس کے رویژن کے باعث زیر التواء کیسز / الاٹمنٹ وغیرہ پر موخر کی گئی کارروائی کو قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے دوبارہ شروع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں