حکومت میں اگر تھوڑی بہت بھی انسانیت باقی ہے تو میاں نواز شریف کو ملک آنے پر روکاٹیں نہ ڈالیں ، سید شاہ محمد شاہ

موجودہ حکومت کنٹینر کرونا حکومت ہے ، جس نے ملک کو ہر سطح پر تباہ کر رکھا ہے اور کنٹینر کرونا حکومت سے بچنے کیلئے اسے گھر بھیجنا بے حد ضروری ہو گیا

اتوار 22 نومبر 2020 19:20

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف ، شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کے انتقال کے باعث سندھ میں ن لیگ تمام تر سیاسی و غیر سیاسی سرگرمیاں معطل رہے گی ، حکومت میں اگر تھوڑی بہت بھی انسانیت باقی ہے تو میاں نواز شریف کو ملک آنے پر روکاٹیں نہ ڈالیں ، موجودہ حکومت کنٹینر کرونا حکومت ہے ، جس نے ملک کو ہر سطح پر تباہ کر رکھا ہے اور کنٹینر کرونا حکومت سے بچنے کیلئے اسے گھر بھیجنا بے حد ضروری ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر موخر کی جانیوالی افتتاح تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر انکے ہمراہ صوبائی رہنما ڈاکٹر وچن داس ، ن لیگ ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی ، لاڑکانہ ڈویژن کے صدر احسان سومرو ، سکھر ڈویژن کے صدر امداد بلو، محمد اعظم خان ، سعید احمد مغل ،آغا عارف درانی ، حافظ شیر محمد الرو ، ربنواز مری سمیت سکھر ، لاڑکانہ ڈویژن کے دیگر عہدے داروں سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ،پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے مزید کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ جتنی جلدی کنٹینر کرونا حکومت سے جان چھڑائے گی اتنا ہی نقصان سے بچ سکتی ہے ، پی ڈی ایم کے جلسوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر کے جلسوں میں کرونا کی افواہیں پھیلا کر سیاسی کارکنان پر جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ، پی ڈی ایم کے کامیاب جلسے دیکھ کرعمران خان کی نااہل حکومت اور اسکے وزراء کے آنکھیں کھل گئی ہیں موجودہ ملکی حالات میں عمران حکومت عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتی ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قائدین کی والدہ ماجدہ کی تدفین کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا حکومت کو چاہئے کہ وہ شریف خاندان سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کو تدفین میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے اور انکے خلاف درج جھوٹے مقدمات خارج کئے جائیں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں