کراچی ایکسپریس حادثہ : ٹرینوں کی آمد و رفت تاحال معطل ، جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

حادثے کے باعث مختلف اسٹیشنوں پر روکی گئی مسافر گاڑیاں 6 سے 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں ، تمام زخمیوں کو بھی ایک سے پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 10:38

کراچی ایکسپریس حادثہ : ٹرینوں کی آمد و رفت تاحال معطل ، جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان
سکھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) کراچی ایکسپریس کے حادثہ کے ٹرینوں کی آمد و رفت تاحال معطل ہے کیوں کہ ٹرین حادثے کے بعد سے اپ ٹریک سے بوگیاں ابھی تک ہٹائی نہ جاسکیں ، جب کہ پاکستان ریلوے نے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے پنجاب جانے والی متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں ، بعض مسافر ٹرینوں کو روہڑی ، خیرپور اور دیگر اسٹیشنز پر روکا گیا ہے جن میں خیبرمیل ، قراقرم ایکسپریس، ملت ایکسپریس شامل جب کہ گرین لائن ، فرید ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس بھی تاحال روانہ نہ ہوسکیں اور حادثے کے باعث مختلف اسٹیشنوں پر روکی گئی مسافر گاڑیاں 6 سے 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

دوسری طرف پاکستان ریلویز کی طرف سے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا گیا ، ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون عظمیٰ کراچی سے ساہیوال جا رہی تھیں کہ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہوگئیں ، خاتون عظمیٰ کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی جب کہ تمام زخمیوں کو بھی ایک سے پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان کراچی ایکسپریس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں آٹھ بوگیا ں پٹری سے اتر گئیں ، ریسکیو ذرائع کے مطابق کئی افراد زخمی ہیں جب کہ ایک خاتون کے جاں بحق ہونے کی خبریں بھی موصول ہیں ، ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے لاہور کے لیے آ رہی تھی اور پنوں عاقل کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی ۔ حکام کے مطابق لاہور سے ریسکیو ٹیمیں بھی کراچی کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ ریسکیو کے کام میں تیزیہ لائی جا سکے،اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی دشواری کا سامنا ہے ، ریلوے ٹریک پر اپ اور ڈاؤن سبھی لائن بند کر دی ہیں اور کراچی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو بھی روک دیا گیا، ریسیکیو ذرائع کے مطابق 12زخمیوں کو بھی کراچی کے اسپتال میں ریفر کر دیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے ،اس وقت سکھر ڈویژن کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہوئی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم حادثے کی وجوہات کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا کہ یہ حادثہ پیش کیسے آیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں