گھوٹکی ٹرین حادثہ کی انکوائری کل سے سکھرمیں شروع ہوگی،

حادثہ بارے گواہی یا ثبوت حاضر ہو کر یا تحریر ی طور پر دیا جاسکتا ہے، ترجمان ریلوے

منگل 15 جون 2021 16:06

گھوٹکی ٹرین حادثہ کی انکوائری کل سے سکھرمیں شروع ہوگی،
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2021ء) گھوٹکی ٹرین حادثہ کی انکوائری کل  (بدھ ) سے سکھرمیں شروع ہوگی،فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز فرخ تیمور غلزئی  تین روز تک بیانات قلم بند کریں گے۔ترجمان ریلوے سکھر کے مطابق 7 جون کوگھوٹکی کے قریب دو مسافرٹرینوں  ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان حادثہ ہوا تھا،حادثہ میں 63 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثہ کی  انکوائری آج  16 جون سے سکھرمیں شروع ہو رہی ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق  فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز فرخ تیمور غلزئی ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے حادثے کے حوالے سے ڈویژنل  سپرنٹنڈنٹ آفس سکھر میں 16جون سے تین روزتک انکوائری کریں گے ،وہ16۔17 ۔اور 18 جون کو حادثہ کے حوالہ سے مسافروں اور گواہان کے بیانات قلم بند کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان  نے کہا ہے کہ  اگر کوئی شخص ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے ایکسیڈنٹ ؍ ڈی ریلمنٹ کے حوالے سے کوئی گواہی یا ثبوت دینا چاہتا ہے تو اوپر دی گئی تاریخوں میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس سکھر میں حاضر ہوکر دے سکتاہے یا اس حوالے سے کوئی بھی اطلاع لکھ کر بھی 28 جون 2021 تک فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کے دفتر علامہ اقبال روڈ لاہور بھیجی  جاسکتی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات اور حقائق تک پہنچا جاسکے۔علاوہ ازیں ریلوے ترجمان کے مطابق ڈہرکی ٹرین حادثہ کی حتمی رپورٹ مرتب ہونے میں تین سے چار ہفتے کا وقت درکار ہے،حتمی رپورٹ  کے بعد ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ڈی ایس ریلوے  آفیس سکھرنے آج 16 جون سے  انکوائری  شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں