تنظیم السعید ضلع سکھر کیلئے مولانا محمد اعظم سعیدی کو صدر اور آغا تابش خان سعیدی کو جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا گیا

Imran Malik عمران ملک منگل 21 ستمبر 2021 11:25

تنظیم السعید ضلع سکھر کیلئے مولانا محمد اعظم سعیدی کو صدر اور آغا تابش خان سعیدی کو جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا گیا
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) تنظیم السعید پاکستان ضلع سکھر کی تنظیم نو کیلئے ضلعی دفتر میں تنظیم السعید ضلع سکھر کے سرپرست حاجی محمد یاسین سعیدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تنظیم السعید پاکستان ضلع سکھر کے سرپرست اعلٰی مفتی محمد عارف سعیدی سے مشاورت کے بعد تنظیم السعید ضلع سکھر کیلئے مولانا محمد اعظم سعیدی کو صدر اور آغا تابش خان سعیدی کو جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد یاسین سعیدی نے کہا کہ ہمارا مقصد قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہے، عشق رسول ؐ کے جذبوں کو پروان چڑھانا صحابہ کرام اور اولیائے کرام کے فیضان سے اہل ایمان کے دلوں کو منور کرنا ہے اجلاس میں مولانا غلام محمد سعیدی، مولانا غلام نازک سعیدی، مولانا ارشد سعیدی، مولانا سعید احمد سعیدی، مولانا اکرم سعیدی، حافظ انعام الٰہی روفی سعیدی، فرحان علی غوری سعیدی اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نومنتخب صدر مولانا اعظم سعیدی نے کہا کہ ہم اپنے قائد محترم اور مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی کے افکار و نظریات کے مطابق تنظیم کو آگے بڑھائیں گے نومنتخب جنرل سیکریٹری آغا تابش خان سعیدی نے کہا کہ تنظیم کے دستور منشور اور مشن کے مطابق اپنی مثبت تعمیری سماجی اور فلاحی سرگرمیاں جاری رکھیں گے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 25 صفر المظفر کو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کا سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔

استقبال ربیع الاول اور جشن عید میلاد النبی کے اجتماعات محافل جلسہ و جلوس ریلیوں کا اہتمام کیا جائیگا اجلاس میں سرپرست حاجی محمد یاسین سعیدی نے تمام عہدیداروں، ممبران اور علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب نے مل جل کر اتحاد یکجہتی اتفاق اور اخلاص کے ساتھ خدمات انجام دینی ہے اس کیلئے باہمی رابطے بہت ضروری ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں