اینٹی کرپشن کمیٹی ٹو سکھر کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت منعقد ہوا

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) اینٹی کرپشن کمیٹی ٹو سکھر کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ انسداد بدعنوانی کی جانب سے 7 مختلف محکموں کے 48 بدعنوانی کے کیس پیش کیے گئے جس میں سے 16 پر فیصلہ سنایا گیا ۔ چیئرمین انسداد بدعنوانی کمیٹی / کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے محکمہ خوراک کے فوڈ انسپکٹر در محمد سروہی کے خلاف 75782 باردانے کی بوریوں کے مد میں سرکار ی خزانے کو 15 کروڑ 67 لاکھ 52 ہزار 53 روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام کے تحت کرپشن کا کیس رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا۔

فوڈ انسپکٹر پر الزام ہے کہ اس نے دو افسران اور عملے کے ساتھ سازباز کرکے اناج کی خریداری میں غبن کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

اسی طرح اینٹی کرپشن کمیٹی ٹو سکھر کی جانب سے محکمہ پولیس کے 5 کرپشن کے کیسوں میں سے 3 کیس عدالت میں ہونے کے باعث ملتوی کیے گئے ۔ ایک کیس میں محکماتی کاروائی اور دوسرے کیس کو بند کیا گیا ۔ تعلیمی بورڈ سکھر کے ایک کیس میں دوبارہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

جبکہ محکمہ آبپاشی کے ایک کیس کو بند کیا گیا ۔ اینٹی کرپشن کمیٹی سکھر 2 نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایک کیس کو بندکرنے اور دوسرے کیس کا ٹیکنیکل طریقے سے جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔ محکمہ صحت کے ایک کیس پر محکماتی کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سکھر منیر احمد کھوڑو نے کمشنر سکھر ڈویژن / چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی 2 کو مختلف کیسوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس سکھر کے تعمیراتی کام کے معیار کو چیک کیا جائے اور متعلقہ ٹھیکیدار کو طلب کرکے کام کی رفتار اور معیاری میٹریل کے استعمال کرنے کا پابند بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں