سکھر میں ٹراماسینٹر کے قیام اور میٹھے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، پی ٹی آئی راہنما مبین جتوئی کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 27 جنوری 2021 13:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2021ء) پاکستان تحریک انصاف سکھر ریجن کے سیکریٹری جنرل مبین جتوئی نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن کا راج ہے، پیپلز پارٹی حکومت  مجھ پر  پی ٹی آئی چھوڑنے کے لئے دبائو ڈال رہی ہے اور جھوٹے مقدمات درج کر کے حراساں کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مبین جتوئی  نے کہا  کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے چند ہفتہ قبل وزیراعظم کی ہدایت پر سکھر کا دورہ کیا تھا، انہوں نے سکھر میں ٹراماسینٹر کے قیام اور میٹھے پانی کی فراہمی کا اعلان کیا تھا ، ان منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے نام نہاد نمائندوں   نے سکھر شہر کو تباہ کردیا ہے ، ہر طرف  کرپشن کا راج ہے، شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، پینے کے لئے پانی بھی فراہم نہیں کیا جا رہا، شہر میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، پولیس کی نا اہلی کے باعث عوام بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں۔

ایس ایس پی سکھر پی ٹی آئی کے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرانے کے مشن پر کام کر رہے ہیں، میرے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں مگر میں جھکنے والوں میں  سے نہیں ہوں ۔ پاکستان تحریک انصاف کبھی نہیں چھوڑوں گا اور پی پی پی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں