محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کے لئے ’’ مذہبی رواداری کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 20 ستمبر 2018 23:12

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کے لئے منعقدہ ’’ مذہبی رواداری کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کیلئے فرقہ واریت کو فروغ دینے کی سازش میں مصروف ہیں، ہمیں چاہیے کہ اسلام دشمن قوتوں کی ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے آپس میں متحد ہوجائیں، آج کی کانفرنس کا مقصد بھی آپس میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے،انہوں نے مذید کہا کہ کربلا کے قافلہ سالار، حق و صداقت کے علمبردار سیدنا حضرت امام حسین ؓ کی شہادت نے انسانی اقدار کی عظمت و اہمیت کو فروغ دیا، آج چودہ سو برس گزرنے کے باوجود سیدنا امام حسین ؓ کا پیغام اور فلسفہ حق و صداقت دین اسلام کی سربلندی کا روشن نشان ہے،مقررین نے کہاکہ، سیدنا امام حسین نے دور ظلم میں جس شان سے افضل جہاد کیا اور جرات و شجاعت، عزم و استقلال، تسلیم و رضا کی جو بے مثال داستان رقم کی تاریخ انسانی اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلام امن و محبت کا مذہب ہے، واقعہ کربلا ہمیں ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ جانے اور حق و سچ کی خاطر جان قربان کرنے کا درس دیتا ہے، کانفرنس میں بندھانی برادری کے سرپرست اعلیٰ قاری جمیل احمد، شیعہ علماء کونسل کے مولانا ریاض حسین، جمعیت اہلحدیث کے مولانا عبدالرحمن ثاقب، امام بارگاہ کے متولی مولا بخش ملنگ، جمعیت علماء پاکستان کے مشرف محمود قادری، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، تحریک انصاف کے مبین جتوئی، بندھانی برادری کے حاجی شریف بندھانی، حاجی خضر حیات، حاجی مسلم، مولانا عثمان فیضی، ظہیر حسین بھٹی، رضوان قادری، ملک رضوان، ڈاکٹر سعید اعوان، سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں