نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے ‘ یہی وہ طبقہ ہے جو ملک کی تقدیر بد ل سکتا ہے ، قائم مقام میئر سکھر

پیر 22 اکتوبر 2018 23:55

سکھر ۔ 22اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) قائم مقام میئر سکھر طارق حسین چوہان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے ‘ یہی وہ طبقہ ہے جو ملک کی تقدیر بد ل سکتا ہے ‘ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل نوجوان اپنی خوبیوں کو پہچانیں اور اپنی ایک ٹیم تشکیل دے کر نہ صرف سکھر شہر کے مسائل کے حل بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ سوشل ریفارمرز کے زیر اہتمام منعقدہ ’’ نوجوان کل کے لیڈرز ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قائم مقام میئر سکھر طارق حسین چوہان نے کہا کہ اس طرح کے پرواگرام کا انعقاد خوش آئند ہے کیونکہ اس سے نوجوان نسل کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ہمارے ملک پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے عظیم لیڈر پیدا ہوئے جنہوں نے اپنی ساری زندگی عوام کی فلاح و بہبود میں صرف کردی جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان قربان کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو صرف اپنے لئے نہیں بلکہ سب کے لئے سوچتا ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلتا ہے ‘ ایک لیڈر میں لوگوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے وہ اپنے فیصلوں سے اپنی ٹیم پر مثبت اثرات ڈالتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بصیرت رکھے بغیر کسی بھی گروہ یا جماعت کا لیڈر بننا ممکن نہیں اور بصیرت کا براہ راست تعلق مثبت سوچ اور مثبت بات کے ساتھ ہوتا ہے‘ہم سب کو مذہبی ‘ لسانی اور علاقائی تعصبات سے بالا تر ہو کر اپنے ملک پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

تقریب میں یو سی چیئرمین غلام مرتضیٰ ‘ میر عبدالرحمن مینگل ‘ بلدیہ اعلیٰ سکھر کی لیڈی ممبر میڈم عذرا جمال بھی شریک تھیں۔ تقریب کے اختتام پر قائم مقام میئر سکھر طارق حسین چوہان نے ٹریننگ پروگرام کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں