بچوں کے عالمی دن کے موقع پر سکھر میں بچوں کا تحفظ ، ہماری مشترکہ زمہ داری کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

پیر 19 نومبر 2018 23:34

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) بچوں کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ سوشل ویلفئیر سکھر کی جانب سے بچوں کاتحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کے عنوان کے تحت ڈسٹرکٹ کونسل ہال سکھر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر سکھر رفیق احمد برڑوتھے ۔ سیمینار میں سوشل ویلفئیر یونٹ ، ای پی آئی مانیٹرنگ ، چائلڈپروٹیکشن یونٹ اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر رفیق احمد برڑو نے کہا کہ بچوں کے اس یونیورسل دن کے موقع پر ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ والدین، عزیز رشتے دار اور معاشرے کے زمہ دار شہری کے طور پر اپنے بچوں میں خود اعتمادی پیدا کریں اس لئے کہ بچے ہمارا عکس ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے بچے ہمارا مستقبل ہیں اس لئے بچوں پر تشدد، جبری مشقت ، معاشی برائیوں اور موذی بیماریوں سے محفوظ کرکے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا معاشرے کے ہر فرد کی انفرادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے کہا کہ بچوں کو تحفظ دینے میں مشکلات ضرور ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ حکومتی ادارے ، والدین اور معاشرے کی مشرکہ کوششوں کو بروئے کار لا کر بچوں کے حقوق کے لئے کافی کچھ کیا جا سکتا ہے ۔ اس ضمن میں رہنمائی کے لئے یونیسیف کا قانون بھی موجود ہے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد بروڑو نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سال 2011کے دوران سندھ اسمبلی سے بچوں کے تحفظ کے لئے ایک قانون پاس کیا گیا ہے جس کے تحت ہر ضلع میں بچوں کے تحفظ کے لئے یونٹس قائم کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر بچوں کی اسکولوںمیں انرولمنٹ کو بہتر کرنے کے لئے بچوں پر جسمانی تشدد کو 100فیصد ختم کرنا ہوگا ، ہر ضلع میں پولیس اور سوشل ویلفئیر کے نمائندوں پر مشتمل چائلڈ سینٹر قائم کئے جائیں گے، جہاں متاثرہ افراد کی جانب سے جرائم میں ملوث بچوں کی شکایات درج کرائی جا سکیں گی اور ان بچوں کو تھانے کی بجائے چائلڈ سینٹرز میں رکھا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ بچوں کو تشدد سے بچانے کے لئے تمام ڈویژنز میں عوامی آگاہی پیدا کی جائے گی تا کہ بچوں میں اعتماد پیدا ہو اور وہ مستقبل میں اپنا انفرادی کردار اور صلاحیتوں کو استعمال میں لا کر معاشرے کے فعال شہری بن سکیں ۔

کمشنر سکھر نے والدین اور اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے اور لڑکیوں میں صنفی امتیاز کے سلوک سے گریز کریں اور ان کی مساوی حقوق کے ساتھ تربیت کریں تا کہ لڑکیوںکی صلاحیتیں بھی رائیگاں نہ جائیں اور ان میں خود اعتمادی پیدا ہو ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں نہ صرف سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں بلکہ گھر کے اندر بھی تشدد کا نشانہ بنانے سے گریز کریں بصورت دیگر تشدد کے شکایات موصول ہونے کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔

اس موقع پر پروگرام کے آرگنائزر کاشف صدیقی نے بتایا کہ آرگنائزیشن میں 82مختلف ادارو ں کے ممبران کی شمولیت سے بچوں پر تشدد کے خلاف عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لئے اس طرح کے سیمینار 15نومبر سی20نومبر تک پوری سندھ میں منعقد کئے جارہے ہیں اور مختلف شہروں میں ان سیمینار کے انعقاد کا مقصد ہے کہ عدم تحفظ کے شکار بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ آغا وحید ، پرویز ابڑو اور کامران شیخ نے بھی سیمینار سے خطاب کیا ۔ سیمینار میں اساتذہ اور اسکولوں کے بچوں کے علاوہ سرکاری اداروں کے متعلقہ افسران اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ جبکہ اس موقع پر عنوان کی مناسبت سے بچوں نے مختلف ٹیبلوز بھی پیش کئے ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں