سکھر، شیعہ علماء کونسل کا اورکزئی ایجنسی بم دھماکہ اور کراچی میں چینی قونصلیٹ پرحملے کی مذمت

دونوں واقعات میں ملوث مجرموں کا سراغ لگا کر ملک دشمن عناصر کو کیفر وکردار تک پہنچایا جائے،مولانا ریاض حسین روحانی

ہفتہ 24 نومبر 2018 20:42

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2018ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع سکھر کے صدر مولانا ریاض حسین روحانی نے کلائی اورکزئی ایجنسی میں مدرسہ اہلبیت کے قریب مارکیٹ میں بم دھماکہ اور کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں واقعات میں ملوث مجرموں کا سراغ لگا کر قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ان ملک دشمن عناصر کو کیفر وکردار تک پہنچایا جائے۔

وہ شیعہ علماء کونسل پاکستان روہڑی کے جنرل سیکریٹری سید کاظم علی شاہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں تعلقہ صالح پٹ، سکھر، جنوبی صالح پٹ، نیو سکھر، تنظیمی تعلقہ کندھرا، ٹھکراٹو، روہڑی ودیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم ایم اے کی جانب سے سکھر میں منعقد ہونے والی ختم نبوت ملین مارچ میں عوام کی شرکت یقینی بنانے ، جعفریہ کونسل کا اجلاس منعقد کرنے کے حوالے سے غور و خوص اور متعدد فیصلے کئے گئے۔

مولانا ریاض حسین روحانی نے کہا کہ دہشتگرد عناصر ایک خاص مائنڈ سیٹ کے لوگ ہیں جو ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ اور ملک میں دہشتگردی کی بنیاد ہے۔پاکستان میں کوئی شیعہ سنی جھگڑا یا مسئلہ نہیں۔ ملک کیخلاف ہونے والی اس سازش کو متحد ہو کر ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بلا تفریق دہشتگردی پھیلانے والے عناصر اور دہشتگردانہ مائنڈ سیٹ افراد کو قانون کے شکنجہ میں پکڑ کر بے نقاب کریں اور ان ملک دشمن عناصر کو قانونی کٹہرے میں لا کر تختہ دار پر لٹکایا جائے جو معصوم شہریوں کی قیمتی جانوں سے کھیلتے ہیں۔

مسجدوں اور امام بارگاہوں میں خود کش حملے ہوتے رہے لیکن قوم نے ہمیشہ صبر و تحمل سے کام لیا اور ملک دشمن عناصر کے تمام عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری دانشمندآنہ قیادت، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ ملک میں امن و امان اور ملکی استحکام کیلئے کوششیں کی ہیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔انہوں نے کلایہ کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے انکے لواحقین اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کیلئے دعا فرماتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھماکہ کے زخمیوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور بم دھماکہ کے نتیجے میں شہریوں کے ہونے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔#

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں