سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو آئندہ سال تک مکمل کیا جائے ، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ

بدھ 28 نومبر 2018 23:22

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2018ء) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز اور جیل خانہ جات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبودکے لئے کئی ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں اس لئے متعلقہافسران کو چاہیے کے وہ اسکیموں کی نگرانی کریں تاکہ تمام اسکیمیں بروقت مکمل کی جا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں سکھر ڈویژن میں جاری ترقیاتی اسکیموں اور مختلف مسائل کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو ، اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز گھوٹکی ، خیرپور اور سکھر سمیت ورکس اینڈ سروسز ، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ،جیل خانہ جات اور ایجوکیشن ورکس کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خاص ہدایات ہیں کہ سندھ میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام کرائے جائیں اس سلسلے میں کمشنر سکھر ڈویژ ن اسکیموں کے جائزہ کے لیے اجلاس کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپیوں کے فنڈ جاری ہوتے رہتے ہیں تا کہ ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات عوام کومل سکیں ۔ اس کے باوجود ترقیاتی اسکیمیں بر وقت مکمل نہیں کی جاتیں جس کی باعث عوام کو پریشانی ہوتی ہے اس لیے ڈپٹی کمشنرز کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیتے رہیں او ر متعلقہ انجنیئرزبھی ترقیاتی اسکیموں کا دورہ کریں اور لاگ بک بنائیں تا کہ اسکیموں کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے اس سلسلے میں کام کے معیار پہ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ جو انجنیئرز ریکارڈ میں ترقیاتی اسکیمیںمکمل دکھاتے ہیں جبکہ حقیقت میں وہ اسکیمیںنامکمل ہوتی ہیں ایسے انجینئرز کے خلاف قانونی کارروائی کرکے رپورٹ فراہم کی جائے ا۔س موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ایم پی ایز کے ساتھ اجلاس کرکے ترقیاتی اسکیمیں تیار کریں اور اسکیمیں تیار کرتے وقت جلد بازی نہ کی جائے تا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے اور سندھ حکومت سے ایسی اسکیمیں منظور کرائی جاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میںمہران کمپلیکس اور وومین کمپلیکس کا کام جلد از جلد مکمل کیاجائے اس حوالے سے جو محکمے ہینڈنگ اوور اور ٹیکنگ اوور میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں وہ اپنی رائے سے آگاہ کریں کیونکہ اس صورتحال میں نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ عوام کو بھی فائدہ نہیں مل رہا ہے ۔ اس موقع پر ڈی سی گھوٹکی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گھوٹکی میں ورکس اینڈ سروسز کایگزیکیٹوانجنیئر چارج لینے کے بعد گذشتہ چار ماہ سے ٖآفس نہیں آرہا ہے جس کی باعث ترقیاتی اسکیموں کے کام میں مشکلات پیش آرہی ہیں جس پر صوبائی وزیر کی جانب سے گھوٹکی کے ایگزیکیٹو انجنیئر آغا ضیاء الحق کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ۔

قبل ازیں گھوٹکی ، سکھر اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنر ز نے صوبائی وز یر نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے متعلق بریفنگ دیں ۔بعد میں صوبائی وزیر نے امن و امان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ضلع میں امن کمیٹیاں فعال ہوں اس لیے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرائیں تا کہ علاقوں میں مذہبی ہم آہنگی قائم رہ سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی جیلوںمیں اصلاحات کی ضرورت ہے اس ضمن میں سندھ حکومت قانون سازی کررہی تا کہ قیدیوں کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں