پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے جن یو سی ایم اوز کی کارکردگی بہتر نہیں ہے ان کو ہٹایا جائے، ان کی جگہ سینئرز کو مقرر کیا جائے : کمشنر سکھر

پیر 17 دسمبر 2018 19:29

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنا فعال کردار ادا کریں اور کمزور یو سی ایم اوز کو تبدیل کر کے ان کی جگہ سینئر اور تجربہ کار میڈیکل افسران کو تعینات کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس کے کمیٹی روم میں کراچی سے آئے ہوئے ڈبلیو ایچ او اور ای او سی کے وفود سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ سکھر ڈویژن میں پولیو مہم کی نگرانی کرنے کے حوالے سے نہ صرف ڈویژنل ٹاسک فورس کے زریعے نگرانی کی جا رہی ہے بلکہ ضلعی سطح پر بھی نگرانی کا عمل جاری ہے تا کہ سکھر ڈویژن کے اندر پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے، اس ضمن میں جن یونین کونسلز کی کارکردگی بہتر نہیں ہورہی ہے ان پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور ٖغفلت کا مظاہرہ کرنے والے یو سی ایم اوز کو فوری طور پر تبدیل کر کے سینئر اور تجربہ کار میڈیکل افسران کو مقرر کیا جائے تاکہ مذکورہ یونین کونسلز کی کارکردگی بہتر ہو سکے ،بہتری کے عمل کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے کیونکہ یہ ایک قومی کاز ہے جسے بین الاقومی سطح پر مانیٹر کیا جا رہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سکھر ڈویژن کی پولیو ٹیمز میں زیادہ سے زیادہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور رضا کار خواتین کو شامل کیا جائے تا کہ مہم کے دوران ڈویژن کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں آسانی ہو ۔ قبل ازیں صوبائی کو آرڈینیٹر برائے ای او سی عمر فاروق بلو نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ سکھر میں پولیو وائرس کی موجودگی قابل تشوش بات ہے جسے کسی بھی صور ت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ کیا جاسکتا ہے ، اجلاس میں ڈبلیو ایچ او پاکستان کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر اسالف، ڈبلیو ایچ او نارتھ سندھ کی کو آرڈینیٹر عائشہ تابی اور ای او سی ایڈوائیزر سلاتنسا نے بھی شرکت کی ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں