سندھ ہائی کورٹ سکھرڈویژن بینچ نے سکھر پریس کلب کے انہدام کیخلاف دائر کردہ آئینی درخواست پر فریقین کو 22 جنوری2019 کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیے

منگل 15 جنوری 2019 23:41

سکھر۔15جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سندھ ہائی کورٹ سکھرڈویژن بینچ نے سکھر پریس کلب کے انہدام کیخلاف پریس کلب کے صدر جاوید علی میمن کی جانب سے بدھ کے روز دائر کردہ ایک آئینی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے فوری طور پردرخواست میں بنائے گئے فریقین کو 22 جنوری2019 کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیے ہیں،پریس کلب کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق ممتا ز قانوندان قربان علی ملانو کے توسط سے دائر کردہ مذکورہ درخواست میں حکومت سندھ بتوسط لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ،میئر سکھر میونسپل کارپوریشن،کمشنر و ڈپٹی کمشنرز سکھر، اسسٹنٹ کمشنر ، مختیار کار سٹی سرویئرسکھر شہر کو فریق بنایا گیا ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے سکھر پریس کلب کو مسمار کرنے کیلئے ہیوی مشینری پہنچاکر عملے کو الرٹ کردیا گیا تھا ، تاہم اطلاع پر سکھر پریس کلب ،سکھر یونین آف جرنلسٹس ،فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کلب کے سامنے سکھر سمیت اندرون سندھ مختلف مقامات سے سینکڑوں کی تعداد میں صحافیوں، فوٹو جرنلسٹس سیاسی سماجی ، تجارتی انجمنوں ،مذہبی قوم پرست رہنماؤں نے پہنچ کر پریس کلب کے خلاف مجوزہ کاروائی کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیتے ہوئے صحافیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ، اس موقع پر پی ایف یو جے کے مرکزی اسسٹنٹ سکریٹری جنرل لالہ اسد پٹھان، سکھر پریس کلب کے صدر جاوید میمن، جنرل سیکریٹری نصراللہ وسیر، سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ظہیر آصف لودھی، جنرل سیکریٹری سلیم سہتو، سیفما کے مرکزی نائب صدر لالا شہباز پٹھان، سکھرچیپٹر کے صدر مبین خان، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر جاوید گھنیو، جنرل سیکریٹری کفایت سمیجو، شکار پور یونین آف جرنلسٹس کے صدر آغا سراج پٹھان، زاہد نون ، گھوٹکی یونین آف جرنلسٹس کے صدر تاج محمد ٹانوری، خیرپور یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید عبید شاہ جیلانی، روہڑی یونین آف جرنلسٹس کے صدر ارشاد ڈنڈن، روہڑی پریس کلب کے صدر عبدالجواد عباسی، سکھر پریس کلب کے سینئر صحافیوں شاہد علی،امداد بوزدار،چوہدری ارشاد زمان باجوہ،جمیل مغل، خالد بھابھن کے علاوہ شہری اتحاد کے چیئرمین عبیداللہ بھٹو، سکھر اسمال ٹریڈرز کے چیئر مین تاجر رہنماء حاجی جاوید میمن،جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو، جے یو پی کے رہنماء مولانا مشرف محمود قادری ، جے یو آئی کے مولانا الہی بخش ٹانوری، ایڈوکیٹ ظہیر بابر، ایڈوکیٹ بابر لغاری،غلام مصطفی پھلپوٹو، ثناء اللہ مہر، عنایت جاگیرانی،گلزار بھٹو، اشفاق بھٹی سمیت دیگر نے شرکت کی،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے رہنماء لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پریس کلب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے صحافیوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل ایوانوں تک پہنچائے سکھر پریس کلب کمرشل ادارہ نہیں بلکہ عوام کا ہائیڈ پارک ہے جہاں اندرون سندھ کے مظلوم لوگ اپنے مسائل لے کر احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بلاوجہ عدالت سے غلط بیانی کرکے پریس کلب کو مسمار کرنے کی سازش کر رہے ہیں ، صحافیوں سیاسی سماجی سول سوسائٹی کے افراد نے یکجہتی کر کے اس کوشش کو ناکام بنایا ہے،دوسری جانب پریس کلب کے صدر جاوید میمن، جنرل سیکرٹری نصراللہ و سیر کی قیادت میں قانونی ٹیم نے سندھ ہائی کورٹ سکھربینچ میں ضلع انتظامیہ کے مؤقف کے خلاف پٹیشن دائر کی جس پر عدالت نے انتظامیہ کو پریس کلب کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکتے ہوئے 22 جنوری کو اپنا جواب داخل کرنے کے لئے طلب کیا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں