سکھر،کچے کے جنگلات میں ڈاکووں کا محاصرہ، 200 زیر حراست

جنگلات میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں پولیس کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں، ڈاکوئوں کی درجنوں پناہ گاہوں کوگرادیاگیا یا جلادیا گیا، ایس ایس پی سکھر

جمعرات 17 جنوری 2019 15:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) سندھ کے شہر سکھر کی پولیس نے امن و امان کی فضا بحال رکھنے کے لیے کچے کے جنگلات میں ڈاکوئوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔آپریشن کے دوران اشتہاری و روپوش ملزمان سمیت 200سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے، جن سے بھاری اسلحہ و مسروقہ گاڑیاں برآمد کی جاچکی ہیں۔آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکار اور کمانڈوز جدید اسلحے، بکتر بندگاڑیوں اور جدید دوربینوں سے لیس ہیں۔

ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع سکھر میں کچے کے جنگلات باگڑ جی، سدوجہ اور شاہ بیلو میں ڈاکوئوں کے گروہوں کے منظم ہونے کی اطلاعات پر پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔جنگلات میں ڈاکوئوں کے خلاف 6 دن سے جاری آپریشن کے دوران پولیس کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں، ڈاکوئوں کی درجنوں پناہ گاہوں کوگرادیاگیا یا جلادیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران روپوش و اشتہاری ملزمان سمیت 200سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ و مسروقہ گاڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔

آپریشن میں پولیس اہلکاراورکمانڈوز جدید اسلحے سے لیس ہیں، بکتر بند گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں، جدید دوربینوں سے ڈاکوئوں کی نقل و حرکت پر نگاہ رکھی جا رہی ہے، ڈاکوئوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں