مسافر ٹرینوں کے کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے پر گہری تشویش کا اظہار

بدھ 23 جنوری 2019 18:16

سکھر۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما شفیق آرائیں نے مسافر ٹرینوں کے کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے اہم ترین روہڑی ریلوے جنکشن پر مسافر گاڑیوں کے 6سے 8گھنٹے تاخیر کا شکار ہونا روز کا معمول بنا ہوا ہے، جس کے باعث مرد و خواتین و بچے اپنی مطلوبہ ٹرینوں کے انتظار میں کئی کئی گھنٹے اذیت کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔

ٹرینوں میں تاخیر کی وجہ معلوم کرنے کے لئے اسٹیشن ماسٹر و دیگر عملے سے رابطہ کیا جائے تو درست معلومات کی فراہمی کے بجائے جلد ٹرین آنے کا کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے ،جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل، احسان بندھانی و دیگر بھی موجود تھے۔

استاد شفیق آرائیں و دیگر نے کہاکہ روہڑی ریلوے اسٹیشن ملک کا اہم ترین جنکشن ہے، جہاں سے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر تمام شہروں کی سمت جانیوالی ٹرینیں گزرتی ہیں،ملک بھر کے مختلف چھوٹے و بڑے شہروں میں سفر کرنیوالے ہزاروں مسافر روزانہ روہڑی اسٹیشن سے اپنی مطلوبہ ٹرینوں میں سوار ہوتے ہیں ، تاہم روہڑی ریلوے اسٹیشن پر مسافر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، مختلف شہروں کو جانیوالی ٹرینیں 6سے 8گھنٹے تاخیر سے روہڑی اسٹیشن پر پہنچ رہی ہے، جس کی وجہ سے مطلوبہ ٹرینوں میں سفر کرنیوالے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں