این آئی سی وی ڈی سکھر میں الیکٹروفزیالوجی اور دوسری کیتھ لیب کا افتتاح

ہسپتال میں بچوں کے وارڈز نے کام شروع کردیا ، جلد بچوں کے دل کی سرجریز بھی شروع کردیں گے، ڈاکٹر ندیم قمر

جمعہ 15 مارچ 2019 18:35

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے سکھر میں الیکٹروفزیالوجی اور دوسری کیتھ لیب کا افتتاح کردیا۔این آئی سی وی ڈی سکھر کے ایک برس مکمل ہونے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم قمر نے کہاکہ الیکٹروفزیالوجی اور دوسری کیتھ لیب سے مریضوں کا بڑھتا ہوا رش کم ہوگا اور ان کو جدید سہولیات کے ساتھ بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بچوں کے وارڈز نے کام شروع کردیا ہے اور جلد بچوں کے دل کی سرجریز بھی شروع کردیں گے۔ ڈاکٹر ندیم قمر کے مطابق اس سے شمالی سندھ سمیت جنوبی پنجاب اور پورے بلوچستان کے مریضوں کو سہولت ہوگی اور تمام مریضوں کو موثر علاج فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی سکھر میں ایک سال کے دوران ہارٹ اٹیک کے 1250 مریض لائے گئے جن کی ایمرجنسی انجیوپلاسٹی کی گئی ،201 مریضوں کا کامیاب بائی پاس آپریشن کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ندیم قمر نے دعویٰ کیا کہ دل کے امراض کے علاج کے لیے یہ پاکستان کا بہترین ہسپتال ہے جہاں نواز شریف سمیت امریکا اور لندن سے آنے والے مریضوں کو بھی علاج کی بہترین سہولیات فراہم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں اسپتال کو اپنے زیر انتظام رکھنے کے لیے ریویو پٹیشن دائر کردی ہے امید ہے کہ یہ ہسپتال صوبائی انتظامیہ ہی کے پاس رہے گا لیکن اگر اسے وفاقی حکومت بھی چلائے گئی تو اسے خدمات کا یہی معیار اور سہولتوں کی مفت فراہمی جاری رکھنی ہوگی ورنہ یہ اس کے لیے سیاسی طور پر نقصان دہ ہوگا۔

ندیم قمر نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ سے دل کے امراض سے بچاؤ کا ایک پروگرام شروع کیا ہوا ہے جس کو ملک کے ایک معروف ماہر امراض قلب چلا رہے ہیں تاہم اس کی کامیابی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت میڈیا کو مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی کی بہت ضرورت ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں