حکومت سندھ کی جانب سے نارا تعلقہ سمیت سکھرڈویژن کے مختلف علاقوں میں ٹڈی کے حملے کا سخت نوٹس

بدھ 26 جون 2019 22:03

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) حکومت سندھ نے نارا تعلقہ سمیت سکھرڈویژن کے مختلف علاقوں میں ٹڈی کے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے قدرتی آفت قرار دیا ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑونے کہا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ نے دن رات ایک کرکے ٹڈیوں پر کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے ٹڈیوں کے حملے اور اس بچائو کی تدابیر اختیار کرنے کے سلسلے میں حکمت عملی طہ کرنے کے لیے کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو کی زیر صدارت اجلاس ان کے دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میںخیرپور، گھوٹکی اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت ایڈیشنل کمشنر سکھر، زراعت، لائیو اسٹاک سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ خیرپور، گھوٹکی اور سکھر کے اضلاع میں ٹڈی پر ضابطے کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی اور اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کا نقصان نہ ہو اور ان علاقوں میں مقامی افراد کوآگاہی دی جائے ۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کو کمشنر سکھر نے ہدایت دی کہ ٹڈیوں سے متاثر ہ علاقوں میں اقدامات اور کیے جانے والے اسپرے کے متعلق عوام میں آگاہی فراہم کی جائے تاکہ مویشیوں کومحفوظ رکھاجاسکے اور مویشیوں میں ویکسین کی جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے بتایا کہ ٹڈیوں کے حملے کے بعد ضلع خیرپور کے نارا تعلقے کے 03 ہزار ہیکٹرزپر اسپرے کیا گیا ہے جبکہ 15 سو ہیکٹرز پر اسپرے کا عمل رہ گیا ہے ۔

ڈائریکٹر زرعی توسیع سکھر رسول بخش جونیجونے بتایا کہ ٹڈیوں نے بلوچستان سے سکھر ڈویژن میں حملہ کیا ہے ٹڈیاں اور ان کے بچے خطرناک ہوتے ہیں ۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہا کہ ہر حال میں ٹڈیوں پر کنٹرول کرنا ہوگا اس سلسلے میں تمام تر محکمے مصروف عمل ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کی کوشش ہے کہ ٹڈیوں کے حملے سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے جلد مکمل کیا جائے تاکہ مزید علاقوں میں یہ حشرات نقصان نہ پہچائیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں