دریائے سندھ میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہونا شروع ہو گئی

پیر 15 جولائی 2019 23:35

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) دریائے سندھ میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہونا شروع ہو گئی ہے،سکھر اورگڈو بیراجوں کے مقامات پر پانی کی سطح میں چوبیس گھنٹے کے دوران کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ آبپاشی کے زرائع کیمطابق سکھر، گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب پیدا ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، سطح آب بلند ہونے سے پانی کچے کے علاقے کی طرف بڑھنے لگا ہے، گڈو بیراج پرپانی کی آمد 2لاکھ 14 ہزار 935 کیوسک اور اخراج 1لاکھ 74 ہزار 823 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 39 ہزار 665 کیوسک اور اخراج 80 ہزار 265 کیوسک ہوگیا،کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 39ہزار 075 کیوسک اور اخراج 710 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، آئندہ دنوں میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، آبپاشی ذرائع گڈو بیراج پر اخراج دو لاکھ سے زائد ہونے کی صورت میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہوگی، پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پانی کی سطح بتدریج بلند ہورہی ہے اور اس میں کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہورہا ہے جسکے بعد دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے اس سلسلے میں آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک سکھر بیراج کی ڈاؤن اسٹریم سے پانی کا اخراج دو لاکھ کیوسک سے زائد نہیں ہوگا اسے نچلے درجے کا سیلاب ڈکلیئر نہیں کیا جائے گا تاہم دوسری جانب دریا میں پانی بڑھنے کے ساتھ ہی پانی نے کچے کی طرف رخ کرلیا ہے ، آبپاشی حکام کے مطابق جیسے جیسے کوٹری بیراج پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگی اسی طرح کوٹری بیراج سے بھی اخراج بڑھا دیا جائے گا تاہم تینوں بیراجوں پر آئندہ چوبیس گھنٹے میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں